کراچی کے مختلف علاقوں میں پولیس مقابلے، 9 ملزمان گرفتار

کراچی: (کیو این این ورلڈ/نامہ نگار ڈاکٹربشیر بلوچ)شہر قائد کے مختلف علاقوں میں رات گئے پولیس اور ملزمان کے درمیان مبینہ مقابلوں کا سلسلہ جاری رہا، جس کے دوران فائرنگ کے تبادلے میں 9 ملزمان کو زخمی حالت میں گرفتار کر لیا گیا جبکہ متعدد ساتھی اندھیرے کا فائدہ اٹھاتے ہوئے فرار ہونے میں کامیاب ہو گئے۔

پولیس کے مطابق لائنز ایریا گدا موڑ کے قریب مبینہ مقابلے کے دوران ایک ملزم کو زخمی حالت میں گرفتار کیا گیا جبکہ اس کا ساتھی فرار ہو گیا۔ اسی طرح سچل تھانے کی حدود میں سپر ہائی وے انارا گارڈن کے قریب بھی فائرنگ کا تبادلہ ہوا جہاں ایک ملزم زخمی حالت میں گرفتار کیا گیا۔

فیروز آباد پولیس اور شاہین فورس نے ہل پارک کے قریب کارروائی کرتے ہوئے دو ملزمان کو زخمی حالت میں گرفتار کیا، جبکہ ایک ساتھی فرار ہونے میں کامیاب ہو گیا۔ نیو کراچی اور گلبہار کے علاقوں میں بھی علیحدہ علیحدہ مقابلوں کے دوران ایک، ایک ملزم کو زخمی حالت میں گرفتار کیا گیا۔

اینٹی وہیکل لفٹنگ سیل (AVLC) پولیس نے ہل پارک کے قریب مشکوک کار کو رکنے کا اشارہ کیا تو ملزمان نے فائرنگ کر دی، جس پر پولیس کی جوابی کارروائی میں ایک ملزم زخمی حالت میں گرفتار کر لیا گیا جبکہ اس کا ساتھی فرار ہو گیا۔

نیو کراچی انڈسٹریل ایریا پولیس نے سیکٹر 6 بی کے قریب کارروائی کرتے ہوئے دو ملزمان کو زخمی حالت میں گرفتار کیا۔ پولیس کے مطابق صبا سنیما کے قریب ہونے والے ایک اور مقابلے میں زخمی گرفتار ملزم کی شناخت محمد ابراہیم کے نام سے ہوئی، جسے عباسی شہید اسپتال منتقل کیا گیا جہاں اس کا علاج جاری ہے۔

دیگر کارروائیوں میں پریڈی اسٹریٹ قائد پارک کے قریب بریگیڈ پولیس نے ایک ملزم معیز کو زخمی حالت میں گرفتار کیا، جبکہ فیروزآباد پولیس نے ایوب اور راشد نامی دو ملزمان کو گرفتار کیا۔ سچل کے علاقے سے گرفتار ملزم کی شناخت عامر کے نام سے ہوئی ہے۔

پولیس کے مطابق گرفتار ملزمان کے قبضے سے اسلحہ، چھینا ہوا سامان، موٹرسائیکل اور ایک کار برآمد کر لی گئی ہے جبکہ تمام واقعات کی مزید تفتیش جاری ہے اور ملزمان کے کریمنل ریکارڈ کی جانچ بھی کی جا رہی ہے۔

دوسری جانب کراچی کے علاقے ایف سی ایریا میں ایک افسوسناک واقعہ بھی پیش آیا جہاں ایک شخص کی لاش گھر سے پھندا لگی حالت میں برآمد ہوئی۔ ریسکیو حکام کے مطابق واقعہ ماموں چپس شاپ کے قریب پیش آیا، جہاں سے لاش کو تحویل میں لے کر عباسی شہید اسپتال منتقل کیا گیا۔

پولیس کے مطابق جاں بحق شخص کی شناخت مرزا کے نام سے ہوئی ہے اور ابتدائی طور پر واقعہ خودکشی معلوم ہوتا ہے، تاہم حتمی حقائق جاننے کے لیے مختلف پہلوؤں سے تحقیقات جاری ہیں۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے