تھ شیخم: تیز بارش، نجی میرج ہال کی دیوار گر گئی، 4 بچے جاں بحق

قصور (کیو این این ورلڈ/بیوروچیف طارق نوید سندھو)قصور کے نواحی علاقے تھ شیخم میں تیز بارش کے دوران ایک نجی میرج ہال کی دیوار گرنے کے افسوسناک واقعے میں 4 بچے جاں بحق جبکہ متعدد زخمی ہو گئے۔ واقعے کے بعد علاقے میں کہرام مچ گیا اور فضا سوگوار ہو گئی۔

ذرائع کے مطابق دیوار گرنے کے وقت 8 بچے اس کے قریب موجود تھے جو ملبے تلے دب گئے۔ ابتدائی اطلاعات کے مطابق 3 بچے موقع پر ہی جاں بحق ہو گئے جبکہ ایک بچہ ہسپتال منتقل کیے جانے کے بعد دم توڑ گیا۔ اس طرح جاں بحق بچوں کی تعداد 4 ہو گئی ہے۔

ریسکیو ذرائع کا کہنا ہے کہ 4 بچوں کو شدید زخمی حالت میں لاہور منتقل کر دیا گیا ہے جہاں انہیں طبی امداد فراہم کی جا رہی ہے۔ زخمی بچوں کی حالت تشویشناک بتائی جا رہی ہے۔

واقعے کے فوراً بعد ریسکیو 1122 اور دیگر امدادی ٹیمیں موقع پر پہنچ گئیں اور ملبہ ہٹانے کا کام شروع کر دیا۔ امدادی کارروائیاں تیزی سے جاری ہیں جبکہ مزید بچوں کے ملبے تلے دبے ہونے کا خدشہ بھی ظاہر کیا جا رہا ہے، جس کے باعث جاں بحق افراد کی تعداد میں اضافے کا امکان ہے۔

عینی شاہدین کے مطابق واقعہ اچانک پیش آیا جس کے باعث بچوں کو سنبھلنے کا موقع نہ مل سکا۔ اہل علاقہ بھی اپنی مدد آپ کے تحت امدادی سرگرمیوں میں شریک ہیں۔

ابتدائی اطلاعات کے مطابق دیوار گرنے کی وجہ تیز بارش کو قرار دیا جا رہا ہے، تاہم امکان ظاہر کیا جا رہا ہے کہ دیوار کی کمزور تعمیر ،خستہ حالی یا ناقص میٹریل بھی حادثے کی وجہ ہو سکتا ہے۔ سرکاری سطح پر اس واقعے سے متعلق ابھی تک کوئی بیان یا پریس ریلیز جاری نہیں کی گئی

ذرائع کے مطابق ممکہ طور میرج ہال انتظامیہ کے خلاف غفلت برتنے پر مقدمہ درج کیے جانے کا بھی امکان ہے، تاہم اس حوالے سے تاحال کوئی باضابطہ بیان سامنے نہیں آیا۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے