منشیات و ذہنی امراض کے مریضوں کے لیے جدید بحالی سنٹر

ڈیرہ غازی خان (کیو این این ورلڈ/نیوز رپورٹر شاہد خان)ڈیرہ غازی خان میں منشیات کے عادی افراد اور ذہنی امراض میں مبتلا مریضوں کی بحالی کے لیے جدید سہولیات سے آراستہ سنٹر قائم کر دیا گیا۔ ڈپٹی کمشنر ڈیرہ غازی خان محمد عثمان خالد نے سخی سرور روڈ پر زین بحالی سنٹر کا باقاعدہ افتتاح کیا۔

افتتاحی تقریب میں پولیٹیکل اسسٹنٹ کوہ سلیمان امیر تیمور، اسسٹنٹ کمشنر صدر تیمور عثمان، پرنسپل میڈیکل کالج پروفیسر ڈاکٹر محمد بلال سعید، ڈاکٹرز کمیونٹی اور شہریوں کی کثیر تعداد نے شرکت کی۔

ڈپٹی کمشنر محمد عثمان خالد نے سنٹر کے مختلف شعبہ جات کا معائنہ کیا اور فراہم کی جانے والی طبی و بحالی سہولیات کا جائزہ لیا۔ اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ نجی ادارے شعبہ صحت میں بہتری اور مریضوں کے علاج معالجہ کے لیے قابل قدر خدمات سرانجام دے رہے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ ذہنی صحت جسمانی صحت سے کم اہم نہیں بلکہ ایک ذہنی مریض سے پورا خاندان متاثر ہوتا ہے، اس لیے مریض کو پوشیدہ رکھنے کے بجائے بروقت علاج کی طرف رجوع کرنا چاہیے۔

ادارے کے سربراہ ڈاکٹر زین الحسنین صدیقی نے بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ یہ جنوبی پنجاب کا ایک اہم بحالی سنٹر ہے جہاں 12 کمروں پر مشتمل 30 بیڈز کا ہسپتال قائم کیا گیا ہے۔ سنٹر میں ذہنی مریضوں، منشیات کے عادی افراد کے علاج کے ساتھ آٹزم کے مریضوں کے لیے بھی خصوصی شعبہ قائم کیا گیا ہے۔

انہوں نے مزید بتایا کہ مریضوں کو گھریلو ماحول، معیاری خوراک، ورزش، پانچ وقت نماز کی سہولت اور معیاری طبی نگہداشت فراہم کی جائے گی تاکہ وہ مکمل بحالی کے بعد معاشرے کا مفید اور فعال حصہ بن سکیں

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے