دھابیجی پمپنگ اسٹیشن پر 72 انچ لائن پھٹ گئی

کراچی (کیو این این ورلڈ/نامہ نگار ڈاکٹربشیر بلوچ)دھابیجی پمپنگ اسٹیشن پر بجلی کے بریک ڈاؤن کے باعث 72 انچ قطر کی پانی کی لائن پھٹ گئی، جس کے نتیجے میں کراچی کے متعدد علاقوں میں پانی کی فراہمی معطل ہو گئی ہے۔ واقعے کے بعد لاکھوں گیلن پانی ضائع ہونے کی بھی اطلاع ہے۔

نجی ٹی وی کی رپورٹ کے مطابق دھابیجی پمپنگ اسٹیشن پر اچانک بجلی کے بریک ڈاؤن کے باعث 72 انچ قطر کی لائن نمبر 5 دوبارہ پھٹ گئی، جس سے نہ صرف پانی کا بڑا ضیاع ہوا بلکہ شہر کے مختلف حصوں کو پانی کی ترسیل بھی متاثر ہوئی۔

واٹر کارپوریشن حکام کے مطابق لائن پھٹنے کے باعث کراچی کو پانی کی فراہمی آئندہ 24 سے 48 گھنٹوں تک بری طرح متاثر رہے گی۔ حکام نے شہریوں کو ہدایت کی ہے کہ پانی احتیاط سے استعمال کریں اور غیر ضروری ضیاع سے گریز کریں۔

واٹر کارپوریشن نے اس صورتحال کو تشویشناک قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ بجلی کی فراہمی کے ذمہ دار ادارے کو اس معاملے پر سنجیدگی کا مظاہرہ کرنا ہوگا، کیونکہ بار بار ہونے والے بریک ڈاؤن سے نظام شدید متاثر ہو رہا ہے۔

ترجمان کے مطابق اتوار اور پیر کی درمیانی شب بجلی کے اچانک بریک ڈاؤن کے باعث سیکنڈ فیز اور کے تھری پمپ ہاؤس کے چار پمپس بند ہوگئے، جس کے نتیجے میں 72 انچ کی لائن ایک بار پھر پھٹ گئی اور پانی کا بڑا ذخیرہ ضائع ہوگیا، جبکہ بعض مقامات پر علاقے زیر آب آنے کی بھی اطلاعات ہیں۔

اعلامیے میں بتایا گیا ہے کہ متاثرہ لائن کی مرمت کا کام فوری طور پر شروع کر دیا گیا ہے اور توقع ہے کہ یہ کام 24 گھنٹوں میں مکمل کر لیا جائے گا، تاہم مکمل نظام کی بحالی میں مزید وقت لگ سکتا ہے۔

واٹر کارپوریشن کے مطابق کورنگی، لانڈھی، شاہ فیصل کالونی، ملیر، گلشن اقبال، گلستان جوہر، اولڈ سٹی ایریا، پی آئی بی کالونی اور ضلع وسطی کے مختلف علاقے پانی کی قلت سے متاثر ہوں گے۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے