بھارت کی فالس فلیگ پلاننگ بےنقاب، خفیہ کمیونیکیشن ڈی کوڈ

اسلام آباد (کیو این این ورلڈ)پاکستان کے حساس اداروں نے بھارت کی مبینہ فالس فلیگ پلاننگ کو بےنقاب کرتے ہوئے اس کی خفیہ کمیونیکیشن کو ڈی کوڈ کرنے کا دعویٰ کیا ہے۔ سکیورٹی ذرائع کے مطابق بھارتی منصوبہ پاکستان کے خلاف ایک منظم فالس فلیگ آپریشن پر مشتمل ہے جس کا مقصد خطے میں کشیدگی کو ہوا دینا ہے۔

سکیورٹی ذرائع کے مطابق پاکستان کی انٹیلی جنس ایجنسیوں نے حالیہ کارروائیوں کے دوران بھارت کی خفیہ مواصلاتی معلومات حاصل کرکے انہیں ڈی کوڈ کیا، جس سے ایک ایسے منصوبے کا انکشاف ہوا ہے جس میں پاکستانی قیدیوں کے مبینہ استعمال کا ذکر سامنے آیا ہے۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ بھارت ان قیدیوں کو مخصوص حکمت عملی کے تحت مقبوضہ کشمیر کے سرحدی علاقوں میں منتقل کرنے کی منصوبہ بندی کر رہا ہے۔

ذرائع کے مطابق اس منصوبے کا مقصد ایسے حالات پیدا کرنا ہے جنہیں بنیاد بنا کر بعد ازاں پاکستان پر سرحدی علاقے میں کسی بڑی کارروائی کا الزام عائد کیا جا سکے۔ سکیورٹی حکام کا کہنا ہے کہ فالس فلیگ آپریشن کے ذریعے بھارت کی کوشش ہے کہ صورتحال کو اس انداز میں پیش کیا جائے کہ پاکستان کو عالمی سطح پر دباؤ میں لایا جا سکے۔

مزید بتایا گیا ہے کہ مبینہ منصوبے کے تحت قیدیوں کے استعمال کے ذریعے ایک ایسا واقعہ گھڑنے کی کوشش کی جا رہی ہے جس کے بعد اسے پاکستان سے منسوب کیا جائے اور خطے میں کشیدگی کو بڑھایا جائے۔

سکیورٹی ذرائع کے مطابق اس مبینہ فالس فلیگ آپریشن کا بنیادی مقصد پاکستان اور بھارت کے درمیان سرحدی تناؤ کو بڑھانا ہے تاکہ پاکستان کی فوج کو مشرقی سرحد پر زیادہ دیر تک مصروف رکھا جا سکے۔

ذرائع نے کہا ہے کہ پاکستان کے متعلقہ ادارے صورتحال پر مکمل نظر رکھے ہوئے ہیں اور کسی بھی ممکنہ خطرے سے نمٹنے کے لیے تمام ضروری اقدامات کیے جا رہے ہیں۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے