ملک بھر میں شدید بارشیں، طوفان اور سیلاب کا خطرہ

اسلام آباد (کیو این این ورلڈ)نیشنل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی (این ڈی ایم اے) کے نیشنل ایمرجنسیز آپریشن سینٹر (این ای او سی) نے ملک بھر میں شدید موسمی صورتحال کے پیش نظر ہنگامی ریڈ الرٹ جاری کر دیا ہے۔ الرٹ کے مطابق آئندہ 12 سے 24 گھنٹوں کے دوران تیز ہواؤں، آندھی اور گرج چمک کے ساتھ بارشوں کا سلسلہ جاری رہے گا، جبکہ بعض علاقوں میں ژالہ باری اور پہاڑی علاقوں میں برفباری کا بھی امکان ہے۔

این ڈی ایم اے کے مطابق گلگت بلتستان، آزاد کشمیر اور خیبر پختونخوا کے بالائی علاقوں میں مسلسل بارشوں کے باعث گلیشائی جھیلوں کے پھٹنے (GLOF) سے سیلابی صورتحال کا شدید خدشہ ہے۔ اس کے علاوہ ملک کے مختلف حصوں میں ندی نالوں میں طغیانی اور نشیبی علاقوں میں اربن فلڈنگ کا خطرہ بھی ظاہر کیا گیا ہے۔

پنجاب کے شہروں اسلام آباد، مری، راولپنڈی، اٹک، جہلم، چکوال، گوجرانوالہ، سیالکوٹ، لاہور، فیصل آباد، اوکاڑہ، ملتان، بہاولپور، ساہیوال، پاکپتن اور دیگر علاقوں میں آندھی اور گرج چمک کے ساتھ بارش متوقع ہے۔ خیبر پختونخوا کے چترال، سوات، پشاور، مردان، بنوں، کوہاٹ اور وزیرستان سمیت مختلف علاقوں میں بھی تیز ہواؤں اور بارش کی پیشگوئی کی گئی ہے۔

اسی طرح گلگت بلتستان اور آزاد کشمیر کے علاقوں اسکردو، ہنزہ، مظفرآباد اور وادی نیلم میں بارش اور برفباری جبکہ بلوچستان کے کوئٹہ، ژوب، زیارت، چمن اور گرد و نواح میں آندھی اور بارش کا امکان ظاہر کیا گیا ہے۔ سندھ کے کراچی، حیدرآباد، ٹھٹہ، بدین اور عمرکوٹ میں بھی گرج چمک کے ساتھ بارش متوقع ہے۔

این ڈی ایم اے نے خبردار کیا ہے کہ مغربی ہواؤں کا یہ سلسلہ اپریل کے پہلے عشرے تک وقفے وقفے سے جاری رہ سکتا ہے، جس کے باعث پہاڑی ندی نالوں میں طغیانی اور بڑے شہروں خصوصاً راولپنڈی، لاہور اور ملتان میں اربن فلڈنگ کا خطرہ بڑھ گیا ہے۔

ادارے نے تمام متعلقہ اداروں اور ضلعی انتظامیہ کو ہائی الرٹ رہنے، نکاسی آب کے انتظامات مکمل رکھنے اور ہنگامی صورتحال سے نمٹنے کی ہدایت کی ہے، جبکہ شہریوں کو غیر ضروری سفر سے گریز، کمزور عمارتوں اور بجلی کے کھمبوں سے دور رہنے اور احتیاطی تدابیر اختیار کرنے کی تلقین کی گئی ہے۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے