لنڈی کوتل (کیو این این ورلڈ/تحصیل رپورٹر) ضلع خیبر کی تحصیل لنڈی کوتل میں اتوار کے روز اجتماعی شادیوں کی ایک پروقار ولیمہ تقریب منعقد ہوئی، جس میں 25 مستحق جوڑوں کی شادی کا اہتمام کیا گیا اور خوشی کی اس تقریب میں علاقہ بھر سے سماجی و سیاسی شخصیات اور شہریوں کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔
تقریب شینواری ویلفیئر آرگنائزیشن (SWO) کے زیر اہتمام منعقد کی گئی، جو مسلسل پانچویں سال اس نوعیت کا فلاحی اقدام کر رہی ہے۔ تنظیم کے مطابق اب تک مجموعی طور پر 151 مستحق جوڑوں کی اجتماعی شادیاں کرائی جا چکی ہیں، جس سے علاقے کے غریب خاندانوں کو نمایاں سہولت حاصل ہوئی ہے۔
تقریب کے مہمانِ خصوصی اسسٹنٹ کمشنر لنڈی کوتل انعام اللہ وزیر تھے، جبکہ دیگر نمایاں شرکاء میں سابق میئر و سماجی کارکن شاہ خالد شینواری، ایس ایچ او عشرت شینواری، طورخم کسٹمز ایجنٹس ایسوسی ایشن کے چیئرمین معراج الدین شینواری، علمائے کرام، سماجی کارکنان اور نوبیاہتا جوڑوں کے اہل خانہ شامل تھے۔
اس موقع پر شینواری، شلمان، آفریدی اور ملاگوری قبائل سے تعلق رکھنے والے 25 جوڑوں کی اجتماعی شادی کرائی گئی۔ مرکزی صدر شینواری ویلفیئر آرگنائزیشن اسلم خان شینواری نے جوڑوں کو مبارکباد دیتے ہوئے ان کے روشن مستقبل کے لیے نیک خواہشات کا اظہار کیا اور کہا کہ ایسے فلاحی اقدامات مخیر حضرات کے تعاون سے ممکن ہوتے ہیں، جبکہ مستحق خاندانوں کا انتخاب مکمل شفافیت اور میرٹ کی بنیاد پر کیا جاتا ہے۔

سابق میئر شاہ خالد شینواری نے تقریب کو نہ صرف جوڑوں بلکہ پوری برادری کے لیے خوشی کا باعث قرار دیتے ہوئے کہا کہ اس سے غریب نوجوانوں کو شادی جیسے اہم فریضے کی ادائیگی میں مدد ملتی ہے۔ انہوں نے مقامی افراد کی جانب سے طورخم بارڈر کی بندش کے باعث پھنسے افغان مہاجرین کی مدد کو سراہا اور ہوائی فائرنگ سے گریز کرنے کی اپیل بھی کی۔
معراج الدین شینواری نے کہا کہ اسلم شینواری نے اجتماعی شادیوں کا انعقاد کر کے علاقے میں ایک مثبت روایت قائم کی ہے، جسے جاری رکھنا وقت کی ضرورت ہے۔
تقریب کے دوران قاری محمد اللہ شینواری (جنرل سیکرٹری SWO پشاور) کی جانب سے تمام دولہوں کو کپڑے فراہم کیے گئے، جبکہ علی ظفر (صدر ہنگو شینواری ویلفیئر آرگنائزیشن) نے نقد امداد بھی پیش کی۔
منتظمین کے مطابق 25 جوڑوں کو گھریلو سامان فراہم کرنے پر تقریباً 50 لاکھ روپے خرچ کیے گئے، جبکہ تقریب میں مختلف مقررین نے اس اقدام کو معاشرتی فلاح و بہبود کے لیے ایک قابل تقلید مثال قرار دیا۔
