ننکانہ صاحب (کیو این این ورلڈ/نامہ نگار احسان اللہ ایاز) وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کی ہدایت پر ڈسٹرکٹ ہیڈکوارٹر ہسپتال ننکانہ صاحب میں عرصہ دراز سے زیر علاج سانس کی مریضہ ایک یتیم بچی کو آکسیجن مشین فراہم کر دی گئی ہے، جس سے اس کے علاج میں آسانی پیدا ہونے کے ساتھ اسے گھر منتقل ہونے میں بھی مدد ملے گی۔
تفصیلات کے مطابق صوبائی وزیر صحت خواجہ عمران نذیر نے چند روز قبل ڈسٹرکٹ ہیڈکوارٹر ہسپتال کے اچانک دورے کے دوران 21 سالہ مریضہ ارشہ کی حالت کا جائزہ لیا تھا، جو طویل عرصے سے سانس کے عارضے میں مبتلا ہو کر ہسپتال میں زیر علاج تھی۔ اس موقع پر انہوں نے مریضہ کو نئی آکسیجن مشین فراہم کرنے کا وعدہ کیا تھا تاکہ اسے گھریلو ماحول میں بہتر اور بلا تعطل علاج کی سہولت میسر آ سکے۔
بعد ازاں میڈیکل سپرنٹنڈنٹ ڈاکٹر رانا افتخار محی الدین نے آکسیجن مشین مریضہ کے حوالے کی اور وزیر اعلیٰ پنجاب کی جانب سے نیک تمناؤں کا اظہار کرتے ہوئے اس کی جلد صحت یابی کے لیے دعا بھی کی۔
مریضہ ارشہ نے نئی آکسیجن مشین کی فراہمی پر وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف اور صوبائی وزیر صحت خواجہ عمران نذیر کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ اس سہولت سے اس کے علاج میں نمایاں بہتری آئے گی اور وہ جلد صحت یاب ہو کر معمول کی زندگی کی طرف لوٹ سکے گی۔