اسلام آباد (کیو این این ورلڈ) مشرق وسطیٰ میں جاری کشیدگی کے خاتمے اور جنگ بندی کے لیے پاکستان کی سفارتی کوششیں تیز ہو گئی ہیں، اسی سلسلے میں آج اسلام آباد میں ایک اہم اعلیٰ سطحی اجلاس منعقد ہو رہا ہے جس میں خطے کے اہم ممالک کے رہنما شریک ہوں گے۔
ذرائع کے مطابق اس اہم بیٹھک میں پاکستان، سعودی عرب، ترکی اور مصر کے اعلیٰ حکام شرکت کریں گے، جہاں مشرق وسطیٰ میں جاری تنازع کے حل اور جنگ بندی کے امکانات پر تفصیلی غور کیا جائے گا۔
سفارتی ذرائع کے مطابق حقان فیدان اور بدر عبدالعاطی پہلے ہی اسلام آباد پہنچ چکے ہیں، جبکہ سعودی عرب کے وزیر خارجہ کی آج آمد متوقع ہے۔ اجلاس میں خطے میں کشیدگی کم کرنے، امن کے قیام اور ممکنہ مشترکہ حکمت عملی پر تبادلہ خیال کیا جائے گا۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ یہ اجلاس نہ صرف جنگ بندی کے لیے اہم پیش رفت ثابت ہو سکتا ہے بلکہ خطے میں استحکام کے لیے مشترکہ لائحہ عمل کی تشکیل میں بھی معاون ہوگا۔ پاکستان اس حوالے سے فعال سفارتی کردار ادا کر رہا ہے اور مختلف ممالک کے درمیان پل کا کردار ادا کرنے کی کوشش کر رہا ہے۔
اجلاس کے موقع پر غیر ملکی وزرائے خارجہ کی وزیراعظم پاکستان سے بھی اہم ملاقاتیں متوقع ہیں، جن میں دوطرفہ تعلقات، علاقائی صورتحال اور امن کے قیام کے لیے مشترکہ اقدامات پر بات چیت کی جائے گی۔
تجزیہ کاروں کے مطابق اسلام آباد میں ہونے والی یہ بڑی سفارتی بیٹھک خطے کی صورتحال پر مثبت اثر ڈال سکتی ہے اور اگر اس میں کوئی قابل عمل پیش رفت سامنے آئی تو یہ مشرق وسطیٰ میں جاری کشیدگی کے خاتمے کی جانب ایک اہم قدم ثابت ہوگی۔
