ننکانہ صاحب (کیو این این ورلڈ/احسان اللہ ایاز) ارتھ آور کے موقع پر ننکانہ صاحب میں خصوصی تقریب کا انعقاد کیا گیا، جس میں ڈپٹی کمشنر محمد تسلیم اختر راؤ، ضلعی افسران، سول سوسائٹی کے نمائندوں اور شہریوں نے بھرپور شرکت کی۔
تقریب کے دوران تمام غیر ضروری لائٹس بند کر کے اور موم بتیاں روشن کر کے زمین سے محبت اور ماحولیاتی تحفظ کا عملی اظہار کیا گیا۔ ارتھ آور کے سلسلے میں ضلعی سطح پر ایک گھنٹے کے لیے بجلی کی غیر ضروری کھپت کم کرنے کا پیغام دیا گیا۔
ضلعی انتظامیہ کی اپیل پر رات ساڑھے آٹھ بجے سے ساڑھے نو بجے تک سرکاری عمارتوں، شاہراہوں، بازاروں اور نجی دفاتر میں غیر ضروری لائٹس بند رکھی گئیں، جس سے ماحول دوستی کا واضح پیغام دیا گیا۔
اس موقع پر مقررین نے اپنے خیالات کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ زمین کا تحفظ ہم سب کی مشترکہ ذمہ داری ہے اور موسمیاتی تبدیلیوں کے بڑھتے خطرات کے پیش نظر عملی اقدامات ناگزیر ہو چکے ہیں۔ انہوں نے زور دیا کہ ایسے اقدامات نہ صرف شعور اجاگر کرتے ہیں بلکہ آنے والی نسلوں کے لیے محفوظ ماحول کی ضمانت بھی بنتے ہیں۔
