بھارت میں مسلم مخالف جرائم رپورٹ کرنے والے صحافیوں کو ہدف بنایا جا رہا ہے: عالمی صحافتی تنظیم
(انٹرنیشنل نیوز ڈیسک) عالمی صحافتی تنظیم رپورٹرز وِد آؤٹ بارڈرز (RSF) نے اپنی رپورٹ میں انکشاف کیا ہے کہ بھارت میں مسلم مخالف جرائم کو رپورٹ کرنے والے صحافیوں کو ہدف بنایا جا رہا ہے، جبکہ ملک میں صحافتی آزادی انتہائی نچلی سطح پر پہنچ چکی ہے۔
رپورٹ کے مطابق بھارت میں ایسے صحافیوں کو دباؤ، ہراسانی اور خطرات کا سامنا ہے جو اقلیتوں بالخصوص مسلم مخالف جرائم کو اجاگر کرتے ہیں۔ تنظیم نے خبردار کیا ہے کہ موجودہ حالات میں بھارت میں آزاد صحافت شدید مشکلات کا شکار ہے۔
دوسری جانب امریکی این جی او جینو سائیڈ واچ (Genocide Watch) کی رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ بھارتی میڈیا پر حکمراں جماعت بھارتیہ جنتا پارٹی (بی جے پی) کے اثرات کے باعث غیر جانبداری متاثر ہو رہی ہے، اور مسلم مخالف بیانیہ بار بار نشر کیا جا رہا ہے۔
رپورٹ میں مزید کہا گیا ہے کہ بعض پالیسیوں اور اصلاحات کے تناظر میں اقلیتوں کے حوالے سے حساس مواد میڈیا میں نمایاں طور پر دکھایا جاتا ہے، جس سے معاشرتی تقسیم میں اضافہ ہو رہا ہے۔
خیال رہے کہ اس سے قبل امریکی اراکین کانگریس اور امریکی کمیشن برائے بین الاقوامی مذہبی آزادی بھی بھارت میں اقلیتوں کے ساتھ مبینہ ناروا سلوک پر تشویش کا اظہار کر چکے ہیں۔