لنڈی کوتل:جامعہ مسجد محمدی میں سالانہ دستاربندی کی ایک شاندار اور روح پرور تقریب

لنڈیکوتل(کیو این این ورلڈ/نامہ نگار) لنڈیکوتل کی قدیمی اور تاریخی عبادت گاہ جامعہ مسجد محمدی میں سالانہ دستاربندی کی ایک شاندار اور روح پرور تقریب منعقد ہوئی جس میں علمائے کرام، معزز شخصیات اور علاقے کے عوام کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔

جامعہ مسجد محمدی اپنی تقریباً سو سالہ قدیم تاریخ کے باعث علاقے میں ایک ممتاز دینی و تعلیمی مقام رکھتی ہے جہاں دینی تعلیم و تربیت کا سلسلہ طویل عرصے سے جاری ہے۔

اس پروقار تقریب میں شیخ الحدیث حضرت مولانا تحسین اللہ صاحب، حضرت مولانا مفتی فدا اللہ صاحب، حضرت مولانا علی احمد بنوری صاحب، مولانا ازل صاحب، مولانا محب اللہ صاحب اور سابقہ تحصیل چیئرمین شاہ خالد صاحب نے بطور مہمانانِ خصوصی شرکت کی۔

تقریب کے دوران طلباء کے سروں پر دستاریں سجائی گئیں اور ان کی دینی محنت و خدمات کو سراہتے ہوئے انہیں انعامات بھی دیے گئے۔ اس موقع پر مہمانانِ گرامی کو اعزازی تحائف سے بھی نوازا گیا۔

تقریب کے منتظم اور مدرس حضرت مولانا خیال رحمان صاحب کی سال بھر کی محنت کو شرکاء نے سراہا جن کی کاوشوں سے یہ بابرکت اور کامیاب پروگرام ممکن ہوا۔

اس موقع پر لنڈیکوتل فلاحی تنظیم کے صدر اختر علی شینواری، ضیاء اللہ سرجی، مولانا اکرام اللہ صاحب اور مولانا وقار صاحب سمیت علاقے کے معززین کی بڑی تعداد بھی موجود تھی۔

اختتامی کلمات میں جامعہ مسجد محمدی کے خطیب حضرت مولانا محمود احمد بنوری صاحب نے تمام مہمانوں کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ یہ مسجد ہمارے آبا و اجداد کی محنت کا ثمر ہے اور ہم اسی جذبے کے ساتھ دینی خدمت کا یہ سلسلہ آئندہ بھی جاری رکھیں گے۔

انہوں نے مزید اعلان کیا کہ جامعہ مسجد محمدی میں نئے طلباء کے داخلے ہفتے کے دن سے باقاعدہ طور پر شروع کیے جائیں گے۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے