ننکانہ صاحب: پیٹرولیم نرخوں اور سپلائی کی صورتحال کا جائزہ

ننکانہ صاحب (کیو این این ورلڈ/نامہ نگار احسان اللہ ایاز) ڈپٹی کمشنر ننکانہ صاحب محمد تسلیم اختر راو کی زیر صدارت ڈسٹرکٹ پیٹرولیم مانیٹرنگ کمیٹی کا اہم اجلاس منعقد ہوا جس میں ضلع بھر میں پیٹرولیم مصنوعات کی دستیابی، نرخوں اور سپلائی کی صورتحال کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔

اجلاس میں ایڈیشنل ڈپٹی کمشنرز، اسسٹنٹ کمشنرز اور پرائس کنٹرول مجسٹریٹس نے شرکت کی۔ اجلاس کے دوران ڈپٹی کمشنر کو ضلع بھر میں پیٹرولیم مصنوعات کی موجودہ سپلائی، ذخائر اور پیٹرول پمپس پر فروخت کے حوالے سے بریفنگ دی گئی۔

ڈپٹی کمشنر محمد تسلیم اختر راو نے ہدایت کی کہ عوام کو بلا تعطل پیٹرولیم مصنوعات کی فراہمی ضلعی انتظامیہ کی اولین ترجیح ہے۔ انہوں نے واضح کیا کہ تمام پیٹرول پمپس کی کڑی نگرانی جاری رکھی جائے اور کسی بھی قسم کی بے ضابطگی کو ہرگز برداشت نہیں کیا جائے گا۔

انہوں نے پرائس کنٹرول مجسٹریٹس کو ہدایت کی کہ وہ اپنے علاقوں میں پیٹرول پمپس کی سپلائی، ذخیرہ اور فروخت کا مکمل ریکارڈ مرتب کریں اور باقاعدہ چیکنگ کو یقینی بنائیں۔

ڈپٹی کمشنر نے مزید کہا کہ ذخیرہ اندوزی، مصنوعی قلت پیدا کرنے اور مقررہ نرخوں سے زائد قیمت وصول کرنے والوں کے خلاف بلا امتیاز سخت قانونی کارروائی کی جائے گی اور فوری مقدمات درج کیے جائیں گے۔

انہوں نے افسران کو فیلڈ میں متحرک رہنے، اچانک انسپکشنز کرنے اور عوامی شکایات کے فوری ازالے کی ہدایت بھی کی۔

اجلاس میں اس عزم کا اعادہ کیا گیا کہ ضلع میں پیٹرولیم مصنوعات کی شفاف، بلا تعطل اور مقررہ نرخوں پر فراہمی ہر صورت یقینی بنائی جائے گی۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے