ڈیرہ غازی خان (کیو این این ورلڈ) برصغیر پاک و ہند کے عظیم روحانی پیشوا حضرت سید احمد سلطان المعروف سخی سرور کے 870ویں سالانہ عرس کی چار روزہ تقریبات کا باقاعدہ آغاز ہو گیا۔ افتتاحی تقریب میں ڈپٹی کمشنر ڈیرہ غازی خان محمد عثمان خالد نے ڈی پی او صادق حسین بلوچ کے ہمراہ شرکت کی۔
ڈپٹی کمشنر اور ڈی پی او کی درگاہ آمد پر مجاوران کی جانب سے پھولوں کی پتیاں نچھاور کرتے ہوئے والہانہ استقبال کیا گیا۔ بعد ازاں دونوں افسران نے مجاوران کے ہمراہ مزار اقدس پر چادر چڑھائی اور عرس کی تقریبات کا باضابطہ افتتاح کیا، اس موقع پر پاکستان کی سلامتی، ترقی و خوشحالی، افواج پاکستان اور خطے میں امن کے لیے خصوصی دعائیں بھی کی گئیں۔
افتتاحی تقریب کے دوران ڈپٹی کمشنر محمد عثمان خالد اور ڈی پی او صادق حسین بلوچ کی دستار بندی بھی کی گئی۔ اس موقع پر بارڈر ملٹری پولیس کے کمانڈنٹ امیر تیمور خان، اے ڈی سی جی اسد چانڈیہ، ڈی او اسپیشل برانچ سید احمد بخاری، اسسٹنٹ کمشنرز تیمور عثمان اور حافظ عمر سعید، محکمہ اوقاف کے زونل ایڈمنسٹریٹر قاضی اظہر اور منیجر طارق جاوید سمیت دیگر افسران بھی موجود تھے۔
ڈپٹی کمشنر محمد عثمان خالد اور ڈی پی او صادق حسین بلوچ نے زائرین میں لنگر تقسیم کیا اور عرس میں شرکت کے لیے آنے والے عقیدت مندوں سے ملاقات کر کے فراہم کی جانے والی سہولیات کے بارے میں دریافت کیا۔ انہوں نے ضلعی انتظامیہ اور محکمہ اوقاف کی جانب سے کیے گئے انتظامات کا جائزہ بھی لیا۔
سکیورٹی کے حوالے سے ڈپٹی کمشنر اور ڈی پی او نے سی سی ٹی وی کنٹرول روم، چیکنگ پوائنٹس، داخلی و خارجی راستوں اور روٹس کا معائنہ کیا، جہاں پولیس، بارڈر ملٹری پولیس اور محکمہ اوقاف کے حکام نے بریفنگ دی۔ اس موقع پر متعلقہ اداروں کو سکیورٹی کے فول پروف انتظامات یقینی بنانے کی ہدایات جاری کی گئیں۔
ڈی پی او صادق حسین بلوچ کے مطابق عرس کے موقع پر درگاہ کے اطراف خار دار تاریں، کیمرہ جات اور سیف سٹی سسٹم کے ذریعے نگرانی کو یقینی بنایا گیا ہے، جبکہ زائرین کو مختلف مقامات پر چیکنگ کے بعد زیارت کے لیے جانے کی اجازت دی جا رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ زائرین کی جان و مال کے تحفظ کے لیے تمام دستیاب وسائل بروئے کار لائے جا رہے ہیں۔
ڈپٹی کمشنر محمد عثمان خالد نے کہا کہ وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کی ہدایت پر زائرین کے لیے مثالی انتظامات کیے گئے ہیں، جبکہ حضرت سخی سرور کی تعلیمات امن، محبت، بھائی چارے اور مساوات کا درس دیتی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ حضرت سخی سرور نے دین اسلام کی ترویج کے لیے نمایاں کردار ادا کیا۔
عرس کی تقریبات میں شرکت کے لیے ملک بھر سے عقیدت مندوں کی آمد کا سلسلہ جاری ہے، جبکہ چار روزہ تقریبات کے دوران مختلف مذہبی و روحانی سرگرمیاں بھی منعقد کی جائیں گی۔