عالیہ حمزہ کو صوبائی دارالحکومت لاہور سے گرفتار کر لیا

لاہور (کیو این این ورلڈ) پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) پنجاب کی چیف آرگنائزر عالیہ حمزہ کو لاہور سے گرفتار کر کے نامعلوم مقام پر منتقل کر دیا گیا ہے۔

ذرائع کے مطابق عالیہ حمزہ کو لاہور میں ان کی رہائشگاہ سے اس وقت حراست میں لیا گیا جب وہ اپنی فیملی سے ملاقات کے لیے موجود تھیں۔ پولیس کی بھاری نفری نے کارروائی کرتے ہوئے انہیں تحویل میں لیا اور فوری طور پر نامعلوم مقام پر منتقل کر دیا۔

تاحال حکام کی جانب سے گرفتاری کی وجوہات اور ان کی موجودہ لوکیشن کے حوالے سے کوئی باضابطہ بیان سامنے نہیں آیا، جس کے باعث پارٹی حلقوں میں تشویش پائی جا رہی ہے۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ عالیہ حمزہ مختلف مقدمات، بالخصوص 9 مئی کے واقعات سے متعلق کیسز میں سزا یافتہ رہ چکی ہیں۔ انہیں ان مقدمات میں مجموعی طور پر 10، 10 سال قید کی سزائیں سنائی گئی تھیں۔

گرفتاری کے بعد پی ٹی آئی کے مقامی رہنماؤں اور کارکنوں کی جانب سے ردعمل کا امکان ظاہر کیا جا رہا ہے، جبکہ سکیورٹی اداروں نے صورتحال کے پیش نظر لاہور میں نگرانی مزید سخت کر دی ہے۔

واقعے کے بعد سیاسی حلقوں میں بھی بحث شروع ہو گئی ہے اور قانونی ماہرین کے مطابق آئندہ دنوں میں اس معاملے پر مزید پیش رفت سامنے آ سکتی ہے۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے