اسلام آباد (کیو این این ورلڈ):ملک بھر میں آج عیدالفطر مذہبی عقیدت و احترام کے ساتھ منائی جا رہی ہے، چھوٹے بڑے شہروں میں نماز عید کے ہزاروں اجتماعات منعقد ہوئے جہاں امت مسلمہ اور پاکستان کی سلامتی، ترقی اور خوشحالی کے لیے خصوصی دعائیں مانگی گئیں۔
نماز عید کی ادائیگی کے بعد شہریوں نے ایک دوسرے سے گلے مل کر عید کی مبارکباد دی اور خوشیاں آپس میں تقسیم کیں۔ مختلف علاقوں میں بچوں اور بڑوں نے اس موقع پر خصوصی جوش و خروش کا مظاہرہ کیا۔
وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں عیدالفطر کا مرکزی اجتماع فیصل مسجد میں منعقد ہوا جہاں ہزاروں افراد نے نماز عید ادا کی۔ اسی طرح لاہور کی تاریخی بادشاہی مسجد میں بھی عید کا بڑا اجتماع ہوا، جبکہ کراچی کی مختلف مساجد میں بھی نمازعید کے بڑے اجتماعات دیکھنے میں آئے۔
آصف علی زرداری نے نمازعید زرداری ہاؤس نوابشاہ میں ادا کی اور ملک کی سلامتی و استحکام کے لیے خصوصی دعائیں کیں۔ نہال ہاشمی نے گورنر ہاؤس میں عید کی نماز ادا کی جبکہ شیخ رشید احمد نے راولپنڈی میں نماز عید پڑھی۔
دریں اثنا مولانا فضل الرحمان نے ڈیرہ اسماعیل خان کے علاقے عید الخیل میں نماز عید کی امامت کرائی، جہاں بڑی تعداد میں افراد نے شرکت کی۔
ادارہ کیو این این ورلڈ کی جانب سے پوری قوم کو عیدالفطر کی دلی مبارکباد پیش کی جاتی ہے، دعا ہے کہ یہ عید ملک میں امن، خوشحالی اور بھائی چارے کا پیغام لے کر آئے۔