پی ٹی اے نے جاز، یوفون اور زونگ کو فائیو جی کی باقاعدہ اجازت

اسلام آباد (کیو این این ورلڈ):پاکستان ٹیلی کمیونیکیشن اتھارٹی نے جاز، یوفون اور زونگ کو ملک بھر میں فائیو جی سروس شروع کرنے کی باقاعدہ اجازت دے دی ہے، جس کے بعد پاکستان میں جدید موبائل انٹرنیٹ ٹیکنالوجی کے آغاز کی راہ ہموار ہو گئی ہے۔

پی ٹی اے کے مطابق ابتدائی مرحلے میں فائیو جی سروسز کو مرحلہ وار متعارف کرایا جائے گا تاکہ صارفین کو اعلیٰ معیار کی سہولت فراہم کی جا سکے اور نیٹ ورک کی کارکردگی کو بہتر انداز میں یقینی بنایا جا سکے۔

اتھارٹی کا کہنا ہے کہ صارفین کی آگاہی کے لیے تمام موبائل آپریٹرز اپنی ویب سائٹس پر ان علاقوں کی فہرست جاری کریں گے جہاں فائیو جی سروس دستیاب ہوگی، جبکہ فائیو جی سپورٹ کرنے والے موبائل فونز کی تفصیلات بھی فراہم کی جائیں گی۔

پی ٹی اے نے واضح کیا کہ فائیو جی سروس کی دستیابی مقام، نیٹ ورک کی تیاری اور ڈیوائس کی مطابقت کے مطابق مختلف ہو سکتی ہے۔ صارفین کو ہدایت کی گئی ہے کہ وہ اپنی ڈیوائس میں فائیو جی فیچر فعال کریں اور موبائل کو جدید ترین آپریٹنگ سسٹم پر اپ ڈیٹ رکھیں۔

پی ٹی اے نے یقین دہانی کرائی ہے کہ ملک بھر میں فائیو جی کے نفاذ کا عمل مرحلہ وار اور شفاف انداز میں جاری رکھا جائے گا تاکہ زیادہ سے زیادہ صارفین اس جدید ٹیکنالوجی سے مستفید ہو سکیں۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے