گوجرانوالہ (کیو این این ورلڈ/بیوروچیف محمد رمضان نوشاہی) وزیراعلیٰ پنجاب مریم نوازشریف کی ہدایات پر کمشنر گوجرانوالہ ڈویژن Syed Naveed Haider Shirazi نے ڈپٹی کمشنر Naveed Ahmad کے ہمراہ جنرل بس اسٹینڈ، چلڈرن ہسپتال اور سیٹلائٹ ٹاؤن پارک کا دورہ کیا اور عیدالفطر کے انتظامات کا تفصیلی جائزہ لیا۔
کمشنر نے عیدالفطر کے موقع پر ٹرانسپورٹ کرایوں میں اوورچارجنگ کے خلاف سخت کارروائی کا حکم دیتے ہوئے واضح کیا کہ کسی بھی صورت زائد کرایہ وصولی برداشت نہیں کی جائے گی۔ انہوں نے خبردار کیا کہ خلاف ورزی کرنے والوں کے خلاف سخت قانونی کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔ اس موقع پر مجسٹریٹس کو ہدایت کی گئی کہ وہ مارکیٹوں اور ٹرانسپورٹ اڈوں پر مانیٹرنگ مزید سخت کریں تاکہ شہریوں کو زیادہ سے زیادہ ریلیف فراہم کیا جا سکے۔
انہوں نے کہا کہ عوام کو ریلیف فراہم کرنا ڈویژنل اور ضلعی انتظامیہ کی اولین ترجیح ہے، جبکہ شکایات کے فوری ازالے کے لیے خصوصی ٹیمیں بھی تشکیل دے دی گئی ہیں جو عید کے دنوں میں متحرک رہیں گی۔
چلڈرن ہسپتال کے دورے کے دوران کمشنر اور ڈپٹی کمشنر نے زیر علاج بچوں کی عیادت کی اور ڈاکٹرز و طبی عملے کو عید کے دنوں میں اپنی حاضری یقینی بنانے کی ہدایت کی۔ اس موقع پر ہسپتال کے انتظامات پر اطمینان کا اظہار بھی کیا گیا۔
بعد ازاں افسران نے Satellite Town Park کا دورہ کیا جہاں صفائی ستھرائی اور دیگر سہولیات کا جائزہ لیا گیا اور مزید بہتری کے لیے متعلقہ حکام کو ضروری ہدایات جاری کی گئیں۔
