ڈیرہ غازی خان (کیو این این ورلڈ/نیوز رپورٹر) تھانہ دراہمہ پولیس نے بڑی کارروائی کرتے ہوئے 5 جرائم پیشہ گینگز کے 13 ملزمان کو گرفتار کر لیا جبکہ تقریباً 95 لاکھ روپے مالیت کا مسروقہ سامان بھی برآمد کر لیا گیا۔
ڈی پی او ڈیرہ غازی خان صادق خان بلوچ نے تھانہ دراہمہ میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے بتایا کہ پولیس نے کامیاب کارروائیوں کے دوران چوری اور ڈکیتی میں ملوث متعدد گینگز کو گرفتار کیا۔ ان کارروائیوں کے دوران 2 اصل ٹریکٹر، 18 موٹر سائیکلیں اور لاکھوں روپے نقدی برآمد کی گئی، جو بعد ازاں ان کے اصل مالکان کے حوالے کر دی گئی۔
انہوں نے بتایا کہ تھانہ دراہمہ کے علاقے میں امن و امان کی صورتحال میں نمایاں بہتری آئی ہے۔ ڈی پی او کے مطابق جب سے ایس ایچ او شاہد خان نے ذمہ داریاں سنبھالی ہیں، علاقے میں جرائم کی شرح میں واضح کمی آئی ہے۔
یاد رہے کہ اس سے قبل یہی علاقہ بدامنی کا شکار تھا جہاں ڈکیتی اور چوری کی وارداتیں روز کا معمول بن چکی تھیں، جس سے شہری شدید خوف و ہراس میں مبتلا تھے۔ تاہم پولیس کی حالیہ کارروائیوں کے بعد علاقے میں امن کی فضا بحال ہونا شروع ہو گئی ہے۔
ڈی پی او صادق خان بلوچ نے کہا کہ ایک خصوصی مشن کے تحت ایس ایچ او کو تعینات کیا گیا تھا، جنہوں نے عوام کی توقعات پر پورا اترتے ہوئے علاقے کو دوبارہ امن کا گہوارہ بنانے میں اہم کردار ادا کیا۔
انہوں نے جرائم پیشہ عناصر کو سخت پیغام دیتے ہوئے کہا کہ وہ خود کو قانون کے حوالے کر دیں اور جرائم کی دنیا چھوڑ دیں، بصورت دیگر پولیس خود ان تک پہنچے گی۔
آخر میں ڈی پی او نے برآمد شدہ موٹر سائیکلوں اور ٹریکٹروں کی چابیاں اپنے ہاتھوں سے مالکان کے حوالے کیں، جس پر شہریوں نے پولیس کی کارکردگی کو سراہا۔