احمد پور شرقیہ (کیو این این ورلڈ) گورنمنٹ صادق عباس گریجوایٹ کالج ڈیرہ نواب صاحب کے صدر شعبہ سرائیکی و کنٹرولر امتحانات پروفیسر ڈاکٹر محمد الطاف ڈاھر جلالوی کو حکومت پنجاب ہائر ایجوکیشن ڈیپارٹمنٹ کی جانب سے "بیسٹ ٹیچر ایوارڈ” کے لیے نامزد کیا گیا ہے۔
اس اعزاز پر کالج کے اساتذہ، شعراء، وکلاء، طلبہ اور سماجی حلقوں نے انہیں دلی مبارکباد پیش کرتے ہوئے نیک خواہشات کا اظہار کیا ہے۔
پرنسپل کالج پروفیسر شاہد حسین مغل نے اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ڈاکٹر محمد الطاف ڈاھر جلالوی کی نامزدگی کالج کے لیے ایک تاریخی اعزاز ہے۔ انہوں نے کہا کہ سرکاری کالجز ہی اصل میں معیاری تعلیم کے ضامن ہیں۔
ان کا مزید کہنا تھا کہ ہمارے اساتذہ کالج کی بہتری اور تعلیمی معیار کی بلندی کے لیے شب و روز محنت کر رہے ہیں، جس کا منہ بولتا ثبوت ہمارے قابل اور محنتی استاد کی یہ نامزدگی ہے۔
پرنسپل نے اس بات پر زور دیا کہ استاد قوم کا حقیقی معمار ہوتا ہے اور نوجوان نسل کو چاہیے کہ وہ قلم و کتاب سے رشتہ جوڑ کر اپنے اساتذہ کے نقش قدم پر چلیں تاکہ کامیابی حاصل کر سکیں۔