سیالکوٹ (کیو این این ورلڈ/بیوروچیف مدثر رتو) ڈسکہ میں میڈم ہانیہ مریم کی جانب سے ایک کامیاب اور پروقار پروگرام کا انعقاد کیا گیا، جس میں مختلف شعبہ ہائے زندگی سے تعلق رکھنے والے افراد نے شرکت کی۔ یہ پروگرام صوبائی وزیر برائے اقلیتی امور پنجاب سردار رمیش سنگھ اروڑہ کی ٹیم میں ڈسکہ سے انوش بھٹی کو شامل کرنے اور ان کے باقاعدہ تعارف کے لیے منعقد کیا گیا۔
تفصیلات کے مطابق 17 مارچ 2026 کو انوش بھٹی کی دعوت پر میڈم ہانیہ مریم اپنی ٹیم کے ہمراہ ڈسکہ پہنچیں، جہاں ایک خصوصی تقریب کا انعقاد کیا گیا۔ اس موقع پر انوش بھٹی نے میڈم ہانیہ مریم کے ساتھ مل کر اقلیتی برادری کے لیے فلاحی اور سماجی خدمات انجام دینے کے عزم کا اظہار کیا۔
تقریب کے دوران انوش بھٹی نے صوبائی وزیر سردار رمیش سنگھ اروڑہ کی قیادت پر اعتماد کا اظہار کرتے ہوئے ان کی ٹیم میں باقاعدہ شمولیت اختیار کی۔ اس موقع پر انہوں نے سردار جسکرن سنگھ اور میڈم ہانیہ مریم کی ٹیم کے ساتھ مل کر کام کرنے کے عزم کا اعادہ بھی کیا۔
میڈم ہانیہ مریم نے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ نوجوان نسل کسی بھی قوم کا قیمتی سرمایہ اور روشن مستقبل ہوتی ہے۔ انہوں نے انوش بھٹی کو اپنی ٹیم میں شامل کرتے ہوئے کہا کہ یہ خوش آئند بات ہے کہ نوجوان ملک و قوم کی خدمت کے لیے آگے آ رہے ہیں۔
انہوں نے مزید کہا کہ پاکستان مسلم لیگ (ن) کی قیادت، خصوصاً وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز اور صوبائی وزیر سردار رمیش سنگھ اروڑہ کی رہنمائی میں نوجوانوں کو آگے بڑھنے کے مواقع فراہم کیے جا رہے ہیں، تاکہ وہ ملک کی ترقی اور خوشحالی میں اپنا کردار ادا کر سکیں۔
تقریب کے اختتام پر شرکاء نے اس عزم کا اظہار کیا کہ وہ اقلیتی برادری کے حقوق کے تحفظ اور سماجی بہتری کے لیے مشترکہ کاوشیں جاری رکھیں گے۔