سرگودھا (کیو این این ورلڈ) پنجاب کے ضلع سرگودھا کے نواحی علاقے بھاگٹانوالہ میں ایک دل دہلا دینے والا واقعہ پیش آیا جہاں ایک شخص نے مبینہ طور پر ناجائز تعلقات کے شبہے پر اپنی بیوی اور پانچ بچوں کو قتل کر دیا۔
پولیس کے مطابق یہ افسوسناک واقعہ تھانہ بھاگٹانوالہ کی حدود چک 25 جنوبی میں پیش آیا جہاں ملزم یاسین ملاح نے مبینہ طور پر کلہاڑی کے وار کر کے اپنی بیوی اور بچوں کو موت کے گھاٹ اتار دیا۔ جاں بحق ہونے والوں میں ملزم کی بیوی فرخندہ، 18 سالہ بیٹی نور فاطمہ، 14 سالہ بیٹا علی حسن، 11 سالہ بیٹا طیب، دو سالہ حسنین اور ایک سالہ بیٹا شامل ہیں۔
پولیس کا کہنا ہے کہ ملزم نے واردات کے بعد خود کو بھی زخمی کر لیا جسے تشویشناک حالت میں اسپتال منتقل کر دیا گیا ہے۔ ریسکیو ذرائع کے مطابق تمام لاشوں اور زخمی ملزم کو ڈی ایچ کیو اسپتال منتقل کیا گیا جہاں ضروری کارروائی کی جا رہی ہے۔
پولیس کے مطابق واقعے کی ابتدائی رپورٹ موصول ہو چکی ہے اور مختلف پہلوؤں سے تحقیقات جاری ہیں۔ تفتیشی حکام یہ بھی جاننے کی کوشش کر رہے ہیں کہ آیا یہ واقعہ گھریلو تنازعے کا نتیجہ ہے یا ملزم کسی ذہنی دباؤ کا شکار تھا۔
بعد ازاں تھانہ بھاگٹانوالہ پولیس نے اس دلخراش واقعے کا مقدمہ مقتولہ کے بھائی کی مدعیت میں درج کر لیا ہے۔ پولیس رپورٹ کے مطابق شوہر نے بیوی اور بیٹی پر ایک شخص کے ساتھ مبینہ ناجائز تعلقات کا شبہ ظاہر کرتے ہوئے ’غیرت کے نام پر‘ یہ اقدام کیا۔
پولیس نے قانونی کارروائی اور پوسٹمارٹم کے بعد لاشیں مقتولین کے چچا کے حوالے کر دی ہیں، جبکہ جاں بحق ہونے والے چھ افراد کی نماز جنازہ چک 25 جنوبی میں ادا کی جائے گی۔ اس دلخراش سانحے کے بعد علاقے کی فضا سوگوار ہو گئی ہے اور اہل علاقہ میں شدید خوف و ہراس پایا جاتا ہے۔