اسلام آباد (کیو این این ورلڈ) برطانیہ کی ہائی کمشنر جین میریٹ نے جمعیت علمائے اسلام (ف) کے سربراہ مولانا فضل الرحمان سے ان کی رہائش گاہ پر ملاقات کی، جس میں پاکستان اور خطے کی موجودہ سیاسی و سکیورٹی صورتحال پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔

جے یو آئی کی جانب سے جاری کردہ اعلامیے کے مطابق، ملاقات میں پاکستان اور افغانستان کے درمیان جاری کشیدگی، مشرق وسطیٰ میں اسرائیل اور فلسطین کے تنازعے، امریکہ، ایران اور خلیجی ریاستوں کی سکیورٹی صورتحال پر بات چیت کی گئی۔ دونوں رہنماؤں نے خطے میں امن و استحکام کی ضرورت پر زور دیا اور جاری تنازعات کے پرامن حل کے لیے سفارتی کوششوں کی اہمیت پر اتفاق کیا۔

اعلامیے میں بتایا گیا کہ ملاقات میں پاک برطانیہ تعلقات کو مزید بڑھانے اور مختلف شعبوں میں تعاون کو فروغ دینے پر بھی اتفاق کیا گیا۔ مولانا فضل الرحمان نے برطانیہ سے مطالبہ کیا کہ وہ خطے میں سکیورٹی صورتحال کی بہتری اور تنازعات کے حل کے لیے اپنا مؤثر کردار ادا کرے۔

برطانوی ہائی کمشنر جین میریٹ نے مولانا فضل الرحمان کو یقین دلایا کہ برطانیہ خطے میں امن و استحکام کے لیے پرعزم ہے اور تمام متعلقہ ممالک کے ساتھ مسلسل رابطے میں رہتے ہوئے اپنا سفارتی کردار ادا کر رہا ہے۔ انہوں نے پاکستان کے ساتھ تعلقات کو مزید مضبوط بنانے کی خواہش کا بھی اظہار کیا۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے