بہاولنگر (کیو این این ورلڈ) تھانہ سٹی بی ڈویژن کے علاقے مسلم کالونی میں ایک اوباش نوجوان نے 6 سالہ معصوم بچی کو مبینہ طور پر اپنی ہوس کا نشانہ بنا ڈالا۔ واقعے کی اطلاع ملتے ہی پولیس کی بھاری نفری موقع پر پہنچ گئی، تاہم ملزم بچی کو تشویشناک حالت میں چھوڑ کر فرار ہونے میں کامیاب ہو گیا۔

پولیس حکام کے مطابق، متاثرہ بچی کو فوری طبی امداد اور میڈیکل معائنے کے لیے اسپتال منتقل کر دیا گیا ہے جبکہ ملزم کے خلاف تھانہ سٹی بی ڈویژن میں مقدمہ درج کر لیا گیا ہے۔ ابتدائی تحقیقات کے مطابق ملزم نے بچی کو تنہائی کا فائدہ اٹھاتے ہوئے زیادتی کا نشانہ بنایا اور پولیس کے پہنچنے سے قبل ہی روپوش ہو گیا۔

ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر (ڈی پی او) بہاولنگر نے واقعے کا سخت نوٹس لیتے ہوئے ملزم کی فوری گرفتاری کے لیے خصوصی ٹیمیں تشکیل دے دی ہیں۔ پولیس کا کہنا ہے کہ ملزم کے ٹھکانوں پر چھاپے مارے جا رہے ہیں اور اسے جلد ہی حراست میں لے کر قانون کے کٹہرے میں کھڑا کیا جائے گا۔

پولیس حکام نے عزم ظاہر کیا ہے کہ معصوم بچی کے ساتھ زیادتی کرنے والے درندہ صفت انسان کو کسی صورت معاف نہیں کیا جائے گا اور اسے کیفرِ کردار تک پہنچا کر انصاف کے تقاضے پورے کیے جائیں گے۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے