پیر محل (کیو این این ورلڈ) ٹوبہ ٹیک سنگھ کے علاقے پیر محل میں بھسی روڈ بائی پاس کے قریب نامعلوم مسلح افراد کی فائرنگ سے ایک نوجوان جاں بحق ہو گیا ہے، جس کی شناخت شاہ زیب گل کے نام سے ہوئی ہے۔ پولیس کے مطابق مقتول کا تعلق ضلع بنوں سے تھا اور وہ فی الحال اڈا واہگی میں رہائش پذیر تھا۔

ابتدائی پولیس تحقیقات کے مطابق، جاں بحق ہونے والے نوجوان شاہ زیب کے خلاف ضلع بنوں کے تھانہ میرا خیل میں لڑکی کے اغوا کا مقدمہ درج تھا۔ پولیس حکام کا کہنا ہے کہ بظاہر یہ واقعہ دیرینہ دشمنی کا شاخسانہ معلوم ہوتا ہے، تاہم تمام پہلوؤں سے تفتیش کی جا رہی ہے تاکہ اصل حقائق سامنے آ سکیں۔

واقعہ کی اطلاع ملتے ہی ڈی پی او ٹوبہ ٹیک سنگھ اخلاق اللہ تارڑ، ایس پی انویسٹی گیشن فضل عباس، ڈی ایس پی اور ایس ایچ او پیر محل بھاری نفری کے ہمراہ موقع پر پہنچ گئے۔ پولیس کی کرائم سین ٹیم نے جائے وقوعہ سے تمام ضروری شواہد اکٹھے کر لیے ہیں اور ملزمان کی تلاش کے لیے مختلف ٹیمیں تشکیل دے دی گئی ہیں۔

ڈی پی او اخلاق اللہ تارڑ نے اس موقع پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ قانون ہاتھ میں لینے والوں کے خلاف سخت کارروائی کی جائے گی۔ انہوں نے یقین دلایا کہ پولیس تمام وسائل بروئے کار لاتے ہوئے ملزمان کو جلد گرفتار کر کے قانون کے کٹہرے میں کھڑا کرے گی تاکہ مقتول کے لواحقین کو انصاف مل سکے۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے