اوچ شریف (کیو این این ورلڈ/نامہ نگار حبیب خان) ملک میں پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں حالیہ ہوش ربا اضافے کے بعد جہاں عوام میں تشویش کی لہر دوڑ گئی ہے، وہیں سوشل میڈیا پر طنز و مزاح اور دلچسپ میمز کا ایک نیا طوفان آ گیا ہے۔ شہری مہنگائی کے اس بوجھ پر اپنے منفرد اور اچھوتے انداز میں ردِعمل دیتے ہوئے ٹوئٹر، فیس بک اور واٹس ایپ پر ایسی تصاویر اور جملے شیئر کر رہے ہیں جو تیزی سے وائرل ہو رہے ہیں۔
تفصیلات کے مطابق پیٹرول کی قیمتوں میں اچانک بڑے اضافے کے بعد شہریوں نے اپنی پریشانی اور غصے کے اظہار کے لیے مزاح کا سہارا لیا ہے۔ ایک وائرل میم میں نوجوانوں کو مشورہ دیا گیا ہے کہ "اب عشق اور شادی صرف اپنے ہی شہر میں کریں کیونکہ دوسرے شہر جانے کے لیے پیٹرول اب پہنچ سے باہر ہو چکا ہے”۔ اسی طرح کئی میمز میں شہریوں کو گاڑی اور موٹر سائیکل چھوڑ کر قدیم سواریوں یعنی تانگہ اور سائیکل کی طرف واپسی کے مشورے دیے جا رہے ہیں۔

سوشل میڈیا پر ایک خاتون کی سائیکل چلاتے ہوئے ویڈیو بھی گردش کر رہی ہے جس میں وہ کہتی ہیں کہ "اب ہم گروپ میں بھی سائیکل پر ہی آئیں گے”۔ ایک اور مزاحیہ میم میں دکھایا گیا ہے کہ پیٹرول کی نئی قیمت سن کر پولیس وین بھی حیرت کے مارے بے ہوش ہو گئی۔ صارفین کا کہنا ہے کہ جب بھی عوام سکون کا سانس لینے لگتے ہیں، پیٹرول بم گرا کر زندگی مزید اجیرن کر دی جاتی ہے۔
عوامی حلقوں کا کہنا ہے کہ یہ میمز جہاں ایک طرف لوگوں کے مرجھائے ہوئے چہروں پر مسکراہٹ لا رہی ہیں، وہیں یہ بڑھتی ہوئی مہنگائی کے خلاف ایک بھرپور خاموش احتجاج بھی ہیں۔ شہریوں نے حکومت سے مطالبہ کیا ہے کہ قیمتوں میں بار بار اضافے کے بجائے غریب عوام کو حقیقی ریلیف فراہم کیا جائے تاکہ سفید پوش طبقہ عزت کے ساتھ زندگی بسر کر سکے۔