لنڈی کوتل (کیو این این ورلڈ/نامہ نگار) روس کے شہر ماسکو میں پاکستان کی نمائندگی کرنے والی کیوکشن کان انٹرنیشنل کراٹے ٹیم وننگ ٹرافی جیتنے کے بعد وطن واپس پہنچ گئی ہے۔ اسلام آباد انٹرنیشنل ایئرپورٹ پر ٹیم کا پرتپاک استقبال کیا گیا، جہاں کھلاڑیوں کے اعزاز میں خصوصی تقریب منعقد ہوئی۔

تفصیلات کے مطابق کراٹے ٹیم نے برانچ چیف حیات نذیر شینواری کی خصوصی کاوشوں اور نور اسلم شینواری کی قیادت میں ماسکو میں منعقدہ عالمی مقابلوں میں حصہ لیا اور شاندار کامیابی سمیٹ کر ملک کا نام روشن کیا۔ اس فتح پر لنڈی کوتل سمیت ملک بھر کے کھیلوں کے حلقوں میں خوشی کی لہر دوڑ گئی ہے۔

پاکستان کے برانچ چیف حیات نذیر شینواری نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے واضح کیا کہ خطے میں جاری کشیدگی اور ایران جنگ کی صورتحال کے باعث ٹیم کی فلائٹ کینسل ہو گئی تھی، جس کی وجہ سے واپسی میں تاخیر ہوئی۔ انہوں نے افسوس کا اظہار کیا کہ اس دوران کچھ غیر ذمہ دار عناصر اور مخالفین نے غلط پروپیگنڈہ کر کے علاقے اور ملک کی ساکھ کو نقصان پہنچانے کی کوشش کی۔

حیات نذیر شینواری کا مزید کہنا تھا کہ کیوکشن کان کراٹے آرگنائزیشن اس جھوٹے پروپیگنڈے کو سختی سے مسترد کرتی ہے اور منفی مہم چلانے والوں کے خلاف باقاعدہ طور پر عدالت سے رجوع کیا جائے گا تاکہ قومی کھلاڑیوں کی محنت پر انگلیاں اٹھانے والوں کا محاسبہ کیا جا سکے۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے