ابوظبی (کیو این این ورلڈ) متحدہ عرب امارات نے ایران کے میزائل حملوں کے بعد تہران سے اپنے سفیر کو واپس بلا لیا ہے اور وہاں موجود اپنا سفارت خانہ بند کرنے کا باقاعدہ اعلان کر دیا ہے۔ یہ فیصلہ اماراتی سرزمین پر ہونے والے حالیہ میزائل حملوں کے ردعمل میں کیا گیا ہے۔
اماراتی وزارت خارجہ کی ڈائریکٹر اسٹریٹجک کمیونیکیشنز عفرا الھاملی نے سوشل میڈیا پر جاری بیان میں کہا کہ متحدہ عرب امارات ایرانی حملوں کی شدید مذمت کرتا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ ایران کے میزائل حملوں میں یو اے ای کی سرزمین، رہائشی علاقوں، ہوائی اڈوں اور بندرگاہوں کو نشانہ بنایا گیا، جس کے باعث تمام سفارتی عملے کو دستبردار کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔
عفرا الھاملی نے مزید کہا کہ شہری مقامات پر یہ حملے بین الاقوامی قوانین اور اقوام متحدہ کے چارٹر کی کھلی خلاف ورزی ہیں۔ ان غیر ذمہ دارانہ اقدامات سے بے گناہ شہریوں کی زندگیوں کو خطرات میں ڈالا گیا ہے۔ انہوں نے واضح کیا کہ متحدہ عرب امارات اپنی سلامتی اور خودمختاری پر کسی بھی قسم کی جارحیت کے خلاف غیر متزلزل عزم رکھتا ہے۔

واضح رہے کہ امریکہ اور اسرائیل کے حملوں کے جواب میں ایران نے متحدہ عرب امارات سمیت ان تمام خلیجی ممالک پر میزائل داغے ہیں جہاں امریکی فوجی اڈے موجود ہیں۔ ان حملوں کا سلسلہ ایرانی سپریم لیڈر آیت اللہ خامنہ ای اور دیگر اہم عسکری قیادت کی شہادت کے بعد شروع ہوا ہے، جس کا بدلہ لینے کا اعلان ایرانی صدر مسعود پزشکیان پہلے ہی کر چکے ہیں۔