پشاور (کیو این این ورلڈ) وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا سہیل آفریدی نے دوٹوک الفاظ میں واضح کیا ہے کہ قومی سلامتی پر کسی صورت کوئی سمجھوتہ نہیں کیا جائے گا اور پاکستان کے ایک ایک انچ کی حفاظت کرنا ہم سب کا مقدس قومی فریضہ ہے۔
انہوں نے پاک افغان سرحد پر حالیہ اشتعال انگیزی اور بیرونی جارحیت کی شدید مذمت کرتے ہوئے کہا کہ کسی بھی ملک کو ہماری سرحدوں کی سلامتی کو نقصان پہنچانے کی اجازت نہیں دیں گے۔
سہیل آفریدی نے بتایا کہ پاک افغان کشیدگی کے تناظر میں تمام متعلقہ اداروں سے مسلسل رابطہ برقرار ہے اور سرحدی اضلاع کے عوام کے جان و مال کا تحفظ حکومت کی اولین ترجیح ہے۔
وزیراعلیٰ نے ہنگامی صورتحال سے نمٹنے کے لیے انتظامیہ کو ہائی الرٹ رہنے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ مشکل گھڑی میں عوام کو کسی صورت تنہا نہیں چھوڑا جائے گا اور سرحدی تحفظ کے لیے تمام ضروری اقدامات کیے جا رہے ہیں۔