اسلام آباد: (کیو این این ورلڈ) وزیردفاع خواجہ آصف نے افغان طالبان رجیم کو واضح پیغام دیتے ہوئے کہا ہے کہ پاکستان کی بہادر افواج بھارت کی پراکسی طالبان اور افغان جارحیت کا بھرپور اور منہ توڑ جواب دے رہی ہیں اور ان شاء اللہ شکست دشمن کا مقدر ہے۔
خواجہ آصف نے سوشل میڈیا پر جاری اپنے بیان میں کہا کہ نیٹو افواج کے انخلاء کے بعد توقع کی جا رہی تھی کہ افغانستان میں امن قائم ہوگا اور طالبان افغان عوام کے مفادات اور علاقے میں امن و استحکام پر توجہ مرکوز کریں گے، مگر افغان طالبان نے ملک کو بھارت کی کالونی بنا دیا ہے۔
وزیردفاع نے کہا کہ طالبان نے افغانستان میں دنیا بھر کے دہشت گردوں کو اکٹھا کر لیا اور دہشت گردی کو بیرونی ممالک میں برآمد کرنا شروع کر دیا۔ انہوں نے اپنی عوام کو بنیادی انسانی حقوق سے محروم کر دیا اور خواتین سے وہ حقوق بھی چھین لیے جو اسلام نے ان کو دیے ہیں۔
خواجہ آصف نے واضح کیا کہ پاکستان نے براہِ راست اور دوست ممالک کے ذریعے حالات کو نارمل رکھنے کی بھرپور کوششیں کیں، سفارتی سطح پر اقدامات کیے، مگر طالبان نے بھارت کی پراکسی بن کر پاکستان پر جارحانہ کارروائی کرنے کی کوشش کی۔ اس پر پاکستان کی افواج نے فیصلہ کن اور منہ توڑ جواب دیا۔
وزیردفاع نے کہا کہ پاکستان کی فوج تمہاری سرزمین پر کسی بیرونی طاقت کی مانند نہیں آئی، ہم تمہارے ہمسائے ہیں اور تمہاری اوقات بخوبی جانتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان کا صبر کا پیمانہ لبریز ہو چکا ہے، اور اب ہماری تمہاری کھلی جنگ ہے۔ خواجہ آصف نے زور دیتے ہوئے کہا، "اب دما دم مست قلندر ہوگا۔”
یہ بیان پاک افغان سرحد پر جاری آپریشن غضب للحق کے تناظر میں سامنے آیا ہے، جس میں پاکستانی افواج نے افغان طالبان کے ٹھکانوں اور چوکیوں کو نشانہ بناتے ہوئے 133 کارندوں کی ہلاکت اور 200 سے زائد زخمی ہونے کی تصدیق کی ہے، جبکہ متعدد چیک پوسٹیں تباہ اور اہم مقامات پر قبضہ حاصل کیا گیا ہے۔
وزیردفاع کا یہ پیغام واضح طور پر افغان طالبان اور ان کے سہولت کاروں کے لیے انتباہ ہے کہ پاکستان اپنی سرحدوں کی حفاظت کے لیے کسی بھی جارحیت کو برداشت نہیں کرے گا اور دشمن کو ہر حال میں منہ توڑ جواب دیا جائے گا۔