اسلام آباد: (کیو این این ورلڈ) صدر مملکت آصف علی زرداری نے افغان طالبان کی بلااشتعال جارحیت کے جواب میں پاکستان کی مسلح افواج کے جامع اور فیصلہ کن ردعمل کو سراہتے ہوئے کہا ہے کہ ملک کے دفاع اور علاقائی سالمیت پر کوئی سمجھوتہ نہیں کیا جائے گا۔

صدر نے دوٹوک الفاظ میں واضح کیا کہ امن کو کمزوری سمجھنے والے مضبوط جواب کے لیے تیار رہیں، اور کوئی بھی دشمن پاکستان کی پہنچ سے باہر نہیں ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان کو معلوم ہے کہ منصوبہ ساز اور سہولت کار کہاں موجود ہیں اور اگر خونریزی جاری رہی تو تمام ذمہ دار عناصر ہماری پہنچ سے باہر نہیں رہیں گے۔

صدر زرداری نے مزید کہا کہ قومی سلامتی پر کسی بھی قسم کی رعایت نہیں دی جائے گی اور پاکستان دباؤ یا دھمکی سے مرعوب نہیں ہوگا۔ انہوں نے پاکستانی قوم اور افواج کو وطن کے دفاع کے لیے سیسہ پلائی دیوار قرار دیا اور کہا کہ گزشتہ پانچ سال سے دہشت گردی کی کارروائیوں پر شدید تشویش رہی ہے، اور سفارتی کوششوں کے باوجود مثبت پیش رفت نہ ہوسکی۔

یاد رہے کہ پاک فوج نے افغان طالبان کی جارحیت کے جواب میں آپریشن غضب للحق شروع کیا، جس کے تحت فضائیہ اور بری افواج کے حملوں میں اب تک 133 افغان طالبان ہلاک اور 200 سے زائد زخمی ہوچکے ہیں، جبکہ متعدد چیک پوسٹیں تباہ اور اہم دفاعی اہداف پر قبضہ کیا جا چکا ہے۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے