راولپنڈی (کیو این این ورلڈ) راولپنڈی سے کراچی جانے والی گرین لائن ایکسپریس کے خالی ریک کو بیکری چوک کے قریب حادثہ پیش آیا ہے جس کے نتیجے میں ٹرین کا انجن اور تین بوگیاں پٹری سے اتر کر زمین میں دھنس گئیں۔ یہ واقعہ ٹریک کی خستہ حالی اور تیز رفتاری کے باعث پیش آیا، تاہم خوش قسمتی سے اس وقت ٹرین میں مسافر سوار نہیں تھے اور عملے کے تمام ارکان بھی محفوظ رہے۔
گرین لائن ایکسپریس مارگلہ اسلام آباد سے مسافروں کو لینے کے لیے جا رہی تھی کہ اچانک حادثے کا شکار ہو گئی۔ واقعے کی اطلاع ملتے ہی ڈی ایس ریلوے نور الدین داوڑ موقع پر پہنچ گئے جبکہ ریلوے کی امدادی کرین اور ہنگامی عملے نے جائے وقوعہ پر پہنچ کر ٹریک کی بحالی کا کام شروع کر دیا ہے۔
ریلوے حکام کے مطابق اپ لائن پر ٹریفک کو عارضی طور پر معطل کر کے ٹرینوں کو ڈاؤن لائن سے گزارا جا رہا ہے۔ اس حادثے کے باعث گرین لائن سمیت دیگر ٹرینوں کا شیڈول متاثر ہونے کا خدشہ ہے، جبکہ ریلوے انتظامیہ نے واقعے کی تحقیقات کا حکم دے دیا ہے تاکہ حادثے کی اصل وجوہات کا تعین کیا جا سکے۔