راولپنڈی (کیو این این ورلڈ) سیکیورٹی فورسز نے گزشتہ چند روز کے دوران خیبر پختونخوا اور بلوچستان میں دہشت گردی کے خلاف جاری بھرپور مہم کے تحت خفیہ اطلاعات کی بنیاد پر تیز رفتار اور مؤثر کارروائیاں کرتے ہوئے مجموعی طور پر 34 دہشت گردوں کو جہنم واصل کر دیا ہے۔ پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق ان کارروائیوں کا ہدف بھارتی سرپرستی میں سرگرم عناصر، فتنہ الخوارج اور فتنہ الہندوستان سے وابستہ دہشت گرد تھے۔ 24 فروری کو خیبر پختونخوا میں چار مختلف آپریشنز کے دوران بھارتی پراکسی سے تعلق رکھنے والے 26 خارجی ہلاک کیے گئے، جبکہ بلوچستان کے ضلع ژوب کے علاقے سمبازہ میں ایک اور کارروائی کے دوران 8 دہشت گرد مارے گئے۔

آئی ایس پی آر کے بیان کے مطابق شمالی وزیرستان کے علاقے حسن خیل میں پاک–افغان سرحد پر دراندازی کی کوشش کرنے والے خارجیوں کے گروہ کو بروقت کارروائی کا نشانہ بنایا گیا جس میں ایک افغان شہری خارجی ہلاک ہوا۔ لکی مروت میں انٹیلی جنس بیسڈ آپریشن کے دوران 3 خارجی، بنوں کے علاقے نرمی خیل میں دو علیحدہ جھڑپوں میں 10 خارجی اور شمالی وزیرستان کے علاقے میر علی میں 12 خارجی ہلاک کیے گئے۔ ہلاک ہونے والے دہشت گردوں سے بھاری مقدار میں اسلحہ اور گولہ بارود بھی برآمد کیا گیا ہے۔ یہ عناصر علاقے میں دہشت گردی کی متعدد وارداتوں میں ملوث تھے جنہیں سیکیورٹی فورسز نے مؤثر حکمت عملی سے کیفرِ کردار تک پہنچایا۔

ترجمان پاک فوج نے واضح کیا ہے کہ پاکستان کی سیکیورٹی فورسز ملکی سرحدوں کے دفاع اور دہشت گردی کے جڑ سے خاتمے کے لیے مکمل طور پر پرعزم ہیں۔ ان علاقوں میں کلیئرنس اور سینیٹائزیشن آپریشنز تاحال جاری ہیں تاکہ کسی بھی ممکنہ خطرے کو ختم کیا جا سکے۔ بیان میں مزید کہا گیا کہ قومی ایکشن پلان کے تحت "عزمِ استحکام” وژن کے مطابق دہشت گردی کے خاتمے کی مہم پوری رفتار سے جاری رہے گی اور ملک دشمن عناصر کو سر چھپانے کی جگہ نہیں دی جائے گی۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے