اوکاڑہ (کیو این این ورلڈ/بیوروچیف ملک ظفر) کمشنر ساہیوال ڈویژن ڈاکٹر آصف طفیل نے تحصیل ہیڈ کوارٹر (ٹی ایچ کیو) اسپتال دیپالپور کا اچانک دورہ کیا اور مختلف وارڈز سمیت شعبہ حادثات (ایمرجنسی) میں طبی سہولیات کا تفصیلی معائنہ کیا۔ اس موقع پر ڈپٹی کمشنر احمد عثمان جاوید، اسسٹنٹ کمشنر فیصل شہزاد چیمہ اور ایم ایس ڈاکٹر عادل رشید بھی ان کے ہمراہ تھے۔ کمشنر نے اسپتال میں زیرِ علاج مریضوں اور ان کے لواحقین سے فراہم کردہ سہولیات کے بارے میں دریافت کیا اور انتظامیہ کو ہدایت کی کہ مریضوں کی دیکھ بھال میں کوئی کسر اٹھا نہ رکھی جائے۔

ڈاکٹر آصف طفیل نے دو ٹوک الفاظ میں واضح کیا کہ سرکاری اسپتالوں میں مفت ادویات کی فراہمی میں کسی بھی قسم کی رکاوٹ برداشت نہیں کی جائے گی۔ انہوں نے کہا کہ وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کے وژن کے مطابق صحت کے شعبے میں انقلابی اصلاحات کی جا رہی ہیں تاکہ عام آدمی کو دہلیز پر بہترین علاج میسر آ سکے۔ کمشنر نے اسپتال انتظامیہ کو تمام ڈیوٹی کاؤنٹرز فعال رکھنے اور ڈاکٹروں سمیت پیرا میڈیکل اسٹاف کو اپنی حاضری یقینی بنانے کی سخت ہدایت کی۔

انہوں نے مزید کہا کہ اسپتالوں میں صفائی ستھرائی کے معیار اور ادویات کے اسٹاک کی باقاعدگی سے نگرانی کی جائے گی تاکہ مستحق مریضوں کو کسی پریشانی کا سامنا نہ کرنا پڑے۔ کمشنر نے ایم ایس کو ہدایت کی کہ وہ خود روزانہ کی بنیاد پر وارڈز کا چکر لگائیں اور مریضوں کو دی جانے والی سہولیات کی رپورٹ اعلیٰ حکام کو ارسال کریں۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے