گہوٹکی (کیو این این ورلڈ/نامہ نگار مشتاق علی لغاری) جروار شہر میں تیز رفتاری اور مبینہ غفلت کے باعث پیش آنے والے دل دہلا دینے والے ٹریفک حادثے میں ایک کمسن بچہ جان کی بازی ہار گیا جبکہ ایک اور شخص شدید زخمی ہو گیا۔ افسوسناک واقعے نے علاقے کی فضا سوگوار کر دی اور ہر آنکھ اشکبار نظر آئی۔

عینی شاہدین کے مطابق حادثہ اُس وقت پیش آیا جب ایک ٹریکٹر ٹرالی غیر محتاط انداز میں تیز رفتاری سے گزر رہی تھی۔ مقامی افراد کا کہنا ہے کہ ڈرائیور نے گاڑی پر قابو کھو دیا جس کے نتیجے میں قریب موجود کمسن بچہ ٹرالی کے نیچے آ کر بری طرح کچلا گیا۔ شدید چوٹوں کے باعث بچہ موقع پر ہی دم توڑ گیا۔ حادثے کے فوری بعد شہری بڑی تعداد میں جائے وقوعہ پر جمع ہو گئے۔

ذرائع کے مطابق جاں بحق ہونے والے بچے کا تعلق مگنہار برادری سے تھا۔ اطلاع ملتے ہی اہلِ خانہ موقع پر پہنچے تو کہرام مچ گیا اور گھر میں صفِ ماتم بچھ گئی۔ زخمی ہونے والے شخص کو فوری طور پر قریبی اسپتال منتقل کیا گیا جہاں اسے طبی امداد دی جا رہی ہے، تاہم ذرائع کے مطابق اس کی حالت تشویشناک بتائی جاتی ہے۔

واقعے کے بعد شہریوں میں شدید غم و غصہ پایا جاتا ہے۔ مقامی افراد نے انتظامیہ اور ٹریفک حکام سے مطالبہ کیا ہے کہ واقعے میں ملوث ڈرائیور کے خلاف فوری اور سخت قانونی کارروائی عمل میں لائی جائے۔ شہریوں کا کہنا ہے کہ شہر میں بھاری گاڑیوں کی بے قابو رفتار معمول بن چکی ہے جس کے باعث آئے روز حادثات رونما ہو رہے ہیں۔

علاقہ مکینوں نے مزید مطالبہ کیا کہ ٹریفک قوانین پر سختی سے عمل درآمد، اسپیڈ کنٹرول اقدامات اور بھاری گاڑیوں کی نگرانی کو یقینی بنایا جائے تاکہ مستقبل میں ایسے المناک سانحات سے بچا جا سکے اور معصوم جانوں کا تحفظ ممکن ہو۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے