ڈیرہ غازی خان (کیو این این ورلڈ/سٹی رپورٹر) وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز کے "ستھرا پنجاب” ویژن کے تحت ڈیرہ غازی خان میں صفائی و ستھرائی کا تاریخی پروگرام پورے عزم اور جذبے کے ساتھ جاری ہے۔ شہر کے گلی محلوں، مرکزی شاہراہوں، بازاروں اور عوامی مقامات پر صفائی کے غیر معمولی اقدامات کیے جا رہے ہیں، جس سے شہریوں میں اطمینان کی لہر دوڑ گئی ہے۔ ریجنل منیجر شاہزیب خان اور ڈویژنل کوآرڈینیٹر عبداللہ عباسی نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ماہِ رمضان مسلمانوں کے لیے ایک عظیم تحفہ ہے اور اسلام کے زریں اصول "صفائی نصف ایمان ہے” پر عمل پیرا ہونا ہی اس پروگرام کی اصل روح ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ اس مشن میں شامل تمام افسران اور ورکرز اپنی ذمہ داریاں انتہائی محنت اور دیانتداری سے ادا کر رہے ہیں۔ انہوں نے خصوصی طور پر صفائی عملے کی کارکردگی کو سراہا جو رمضان المبارک میں روزے کی حالت کے باوجود کسی غفلت کے بغیر میدانِ عمل میں موجود رہتے ہیں۔ حکام نے بتایا کہ ادارے میں ایک جدید اور مؤثر خودکار مانیٹرنگ نظام فعال ہے، جس کے ذریعے کارکردگی کی مسلسل نگرانی کی جاتی ہے اور کسی بھی کوتاہی کی صورت میں فوری نوٹس لیا جاتا ہے تاکہ صفائی کے معیار پر کوئی سمجھوتہ نہ ہو۔
شہری حلقوں نے "ستھرا پنجاب” پروگرام کو وزیر اعلیٰ پنجاب کا انقلابی اقدام قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ اس مہم سے نہ صرف شہر کی خوبصورتی بحال ہوئی ہے بلکہ ایک صحت مند ماحول کی فراہمی بھی یقینی بنی ہے۔ انتظامیہ کا کہنا ہے کہ "ستھرا پنجاب” محض ایک پروگرام نہیں بلکہ ایک اجتماعی عزم ہے، جو ایک صاف ستھرے اور مہذب معاشرے کی بنیاد رکھ رہا ہے۔ ضلعی انتظامیہ نے شہریوں سے بھی اپیل کی ہے کہ وہ اس مہم کو کامیاب بنانے کے لیے اپنا تعاون جاری رکھیں تاکہ صفائی کا یہ تسلسل برقرار رہ سکے۔