کراچی(کیو این این ورلڈ) مشہور اداکارہ اور ٹی وی میزبان مشی خان نے سوشل میڈیا انفلوئنسر ڈاکٹر نبیہہ خان کی جانب سے رمضان شو میں اپنے سسرال اور شوہر کے خلاف کیے گئے انکشافات پر شدید ردعمل کا اظہار کیا ہے۔ مشی خان نے ڈاکٹر نبیہہ کے بیانات کو "پاگل پن” قرار دیتے ہوئے مشورہ دیا کہ ذاتی اور گھریلو معاملات کو عوامی میدان میں لانے کے بجائے گھر کے اندر ہی حل کرنا چاہیے۔ واضح رہے کہ ڈاکٹر نبیہہ نے حال ہی میں فضا علی کے پروگرام میں اپنی ناکام شادی اور سسرال کی جانب سے مبینہ ذہنی اذیت کا تذکرہ کیا تھا، جس کے جواب میں ان کے شوہر حارث کھوکھر نے ان الزامات کو مسترد کرتے ہوئے انہیں شکی مزاج خاتون قرار دیا تھا۔

مشی خان نے انسٹاگرام پر جاری ایک ویڈیو پیغام میں پروگرام کی میزبان اور چینل انتظامیہ کو بھی آڑے ہاتھوں لیا۔ انہوں نے کہا کہ رمضان المبارک جیسے مقدس مہینے میں اس طرح کے ڈرامائی اور فضول مواد کو نشر کرنا شرمناک ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ ٹی وی پر اپنے گھر کے مسائل اس طرح بیان کرنا جیسے اللہ معاف کرے پتا نہیں کیا ہو گیا ہو، ایک انتہائی برا ٹرینڈ ہے۔ مشی خان نے ڈاکٹر نبیہہ کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ "ڈاکٹر صاحبہ، پلیز اپنے گھریلو معاملات کو ٹی وی پر لا کر تماشہ نہ بنائیں اور رمضان کے تقدس کا خیال رکھیں۔”

اداکارہ نے مزید کہا کہ اب ہمارے ٹیلی ویژن پر رمضان نشریات کا معیار اس حد تک گر چکا ہے کہ چینل مالکان کو بھی اس بات کا احساس نہیں کہ وہ عوام کو کیا دکھا رہے ہیں۔ انہوں نے زور دیا کہ جب خاندان کے لوگ مل کر ٹی وی دیکھ رہے ہوں، تو ایسے میں ذاتی لڑائیاں نشر کرنا معاشرتی گراوٹ کی علامت ہے۔ مشی خان کے اس بیان کے بعد سوشل میڈیا پر نئی بحث چھڑ گئی ہے، جہاں صارفین کی بڑی تعداد ان کے موقف کی تائید کر رہی ہے۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے