احمد آباد(کیو این این ورلڈ) سُپر ایٹ مرحلے کے اہم میچ میں جنوبی افریقا نے یکطرفہ مقابلے کے بعد بھارت کو 76 رنز سے شکست دے کر ایونٹ میں اپنی پوزیشن مستحکم کر لی ہے۔ احمد آباد میں کھیلے گئے ٹورنامنٹ کے 43 ویں میچ میں بھارتی ٹیم 188 رنز کے ہدف کے تعاقب میں ریت کی دیوار ثابت ہوئی اور 19 ویں اوور میں محض 111 رنز پر ڈھیر ہو گئی۔ بھارت کی جانب سے شیوم ڈوبے 42 رنز بنا کر ٹاپ اسکورر رہے، تاہم ہاردیک پانڈیا اور کپتان سوریا کمار یادو کے 18، 18 رنز کے علاوہ کوئی بھی بلے باز پروٹیز بولرز کا سامنا نہ کر سکا۔ رنکو سنگھ، ایشان کشن اور جسپریت بمراہ بغیر کوئی رن بنائے پویلین لوٹے۔

جنوبی افریقا کی جانب سے تباہ کن بولنگ کا مظاہرہ کیا گیا، جہاں مارکو جینسن نے 4 اور کیشور مہاراج نے 3 کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا، جبکہ کوربن بوش نے 2 اور ایڈن مارکرم نے 1 وکٹ حاصل کی۔ اس سے قبل جنوبی افریقا نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا اور مقررہ اوورز میں 7 وکٹوں کے نقصان پر 187 رنز کا مجموعہ ترتیب دیا۔ پروٹیز کی اننگز میں ڈیوڈ ملر 63 رنز کے ساتھ نمایاں رہے، جبکہ ڈیوالڈ بریوس نے 45 اور ٹرسٹن اسٹبز نے ناقابلِ شکست 44 رنز بنا کر ٹیم کو مستحکم پوزیشن میں پہنچایا۔

بھارتی بولرز ہدف کو روکنے میں ناکام رہے، جسپریت بمراہ نے 3 اور ارشدیپ سنگھ نے 2 وکٹیں حاصل کیں، جبکہ ورون چکرورتی اور شیوم ڈوبے کے حصے میں ایک ایک وکٹ آئی۔ بھارت کی اس بڑی شکست نے سُپر ایٹ مرحلے میں سیمی فائنل کی دوڑ کو مزید دلچسپ بنا دیا ہے اور بھارتی ٹیم کے لیے اگلے میچز میں واپسی ایک بڑا چیلنج بن گئی ہے۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے