گوجرانوالہ(کیو این این ورلڈ/بیوروچیف محمدرمضان نوشاہی) نوشہرہ روڈ پر واسا کی مجرمانہ غفلت کے باعث سڑک پر پڑے سیوریج کے پائپ موٹر سائیکل سوار نوجوان کی جان لے گئے، جبکہ حادثے میں اس کا کزن شدید زخمی ہو گیا ہے۔ ذرائع کے مطابق نوشہرہ روڈ پر محکمہ واسا کی جانب سے ترقیاتی کام جاری ہے، جس کے لیے سیوریج کے بڑے پائپ سڑک پر ہی چھوڑ دیے گئے تھے، اندھیرے اور لائٹس کا مناسب انتظام نہ ہونے کے باعث موٹر سائیکل سوار دونوں نوجوان ان پائپوں سے ٹکرا گئے، جس کے نتیجے میں ایک نوجوان موقع پر ہی دم توڑ گیا۔

جاں بحق ہونے والے نوجوان کی شناخت عثمان کے نام سے ہوئی ہے جو اپنے کزن کے ہمراہ جا رہا تھا، حادثے کی اطلاع ملتے ہی مقامی افراد جمع ہو گئے اور زخمی نوجوان کو فوری طبی امداد کے لیے اسپتال منتقل کیا۔ شہریوں نے واسا انتظامیہ کے خلاف شدید غم و غصے کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ ترقیاتی کاموں کے نام پر ناقص انتظامات عوام کے لیے موت بانٹنے کے مترادف بن چکے ہیں، انتظامیہ کی نااہلی نے ایک ہنستا کھیلتا گھر اجاڑ دیا ہے۔

علاقہ مکینوں کا مطالبہ ہے کہ اس غفلت کے ذمہ دار واسا حکام اور متعلقہ ٹھیکیدار کے خلاف فوری قانونی کارروائی کی جائے تاکہ مستقبل میں ایسے حادثات سے بچا جا سکے۔ پولیس نے واقعے کی اطلاع ملنے پر کارروائی کا آغاز کر دیا ہے، تاہم اب تک کسی افسر یا اہلکار کے خلاف تادیبی کارروائی کی تصدیق نہیں ہو سکی۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے