سرگودھا(کیو این این ورلڈ) سفاک ملزم نے شادی کا جھانسہ دے کر بیوٹی پارلر پر کام کرنے والی لڑکی کو مبینہ طور پر زیادتی کا نشانہ بنا ڈالا ہے، تھانہ صدر پولیس نے متاثرہ لڑکی کی مدعیت میں مقدمہ درج کر کے کارروائی کا آغاز کر دیا ہے۔ متاثرہ لڑکی نے پولیس کو دیے گئے بیان میں انکشاف کیا ہے کہ ملزم اویس نے اسے شادی کے سبز باغ دکھا کر زیادتی کا نشانہ بنایا، تاہم بعد میں معلوم ہوا کہ ملزم پہلے سے شادی شدہ ہے جس پر لڑکی نے تعلق ختم کرنے کی کوشش کی تو ملزم نے اسے بلیک میل کرنا شروع کر دیا۔
لڑکی کے مطابق ملزم اویس نے 15 فروری کو اسے شادی کی تاریخ طے کرنے کے بہانے آئیڈل گارڈن میں ایک نئے گھر پر بلایا، جہاں پہنچنے پر ملزم نے اسے زبردستی دوبارہ اپنی ہوس کا نشانہ بنایا اور مزاحمت کرنے پر شدید تشدد کا نشانہ بھی ہدف بنایا۔ متاثرہ لڑکی نے مزید بتایا کہ ملزم نے زبردستی اس کا موبائل فون چھین کر اپنے خلاف تمام ثبوت، پیغامات اور ڈیٹا بھی ڈیلیٹ کر دیے تاکہ قانونی کارروائی سے بچ سکے۔
واقعے کی اطلاع ملتے ہی تھانہ صدر پولیس نے متاثرہ خاتون کا میڈیکل کروانے کے لیے کارروائی شروع کر دی ہے جبکہ ملزم اویس کی گرفتاری کے لیے خصوصی چھاپہ مار ٹیم بھی تشکیل دے دی گئی ہے۔ پولیس حکام کا کہنا ہے کہ میڈیکل رپورٹ کی روشنی میں مزید حقائق سامنے لائے جائیں گے اور ملزم کو جلد گرفتار کر کے قانون کے کٹہرے میں کھڑا کیا جائے گا۔