ننکانہ صاحب (کیو این این ورلڈ/نامہ نگار احسان اللہ ایاز)وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کے ویژن کے مطابق رمضان المبارک کے دوران شہریوں کو اشیائے خوردونوش ارزاں نرخوں پر فراہم کرنے کے لیے ضلع ننکانہ صاحب میں دو نگہبان رمضان بازار قائم کر دیے گئے ہیں۔
ڈپٹی کمشنر ننکانہ صاحب محمد تسلیم اختر راو نے عوام کو فراہم کی جانے والی سہولیات کا جائزہ لینے کے لیے منڈی فیض آباد اور ننکانہ سٹی میں قائم رمضان بازاروں کا دورہ کیا۔ انہوں نے مختلف اسٹالز کا معائنہ کیا اور اشیائے خوردونوش کی کوالٹی اور قیمتوں کا جائزہ لیا۔
دورے کے دوران ڈپٹی کمشنر نے ننکانہ سٹی کے رمضان بازار میں اپنی نگرانی میں 10 کلو آٹے کے تھیلوں کا وزن چیک کیا۔ وزن میں 45 گرام کمی پائے جانے پر ابوالخیر فلور مل کو ایک لاکھ روپے جرمانہ عائد کر دیا گیا۔
متعلقہ افسران نے بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ رمضان بازاروں میں آٹا، چینی، سبزیاں، پھل، چکن، چھوٹا اور بڑا گوشت مارکیٹ کے مقابلے میں کم نرخوں پر دستیاب ہیں اور بڑی تعداد میں شہری خریداری کے لیے رمضان بازاروں کا رخ کر رہے ہیں۔
ڈپٹی کمشنر نے ہدایت کی کہ تمام اسٹالز پر اشیائے خوردونوش وافر مقدار میں دستیاب ہوں اور معیار پر کسی قسم کا سمجھوتہ نہ کیا جائے۔ بعد ازاں انہوں نے رمضان بازار میں قائم شکایات سیل، میڈیکل کیمپ، ریسکیو اور سینیئر سٹیزن کاؤنٹر کا بھی معائنہ کیا۔
اس موقع پر ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر جنرل محمد شاہد کھوکھر، اسسٹنٹ کمشنر ننکانہ ثناء شرافت اور دیگر متعلقہ افسران بھی ان کے ہمراہ موجود تھے۔