کندھ کوٹ (کیو این این ورلڈ/نامہ نگاروقاراحمد اعوان) الخدمت فاؤنڈیشن ضلع کشمور کی جانب سے رمضان المبارک کے موقع پر اسٹیڈیم گراؤنڈ میں 350 مستحق اور نادار خاندانوں میں راشن پیکیج تقسیم کیا گیا۔ اس انسان دوست اقدام کا مقصد مہنگائی کے دور میں غریب طبقے کو سحر و افطار کی سہولت فراہم کرنا اور علاقے میں بھائی چارے کی فضا قائم کرنا ہے۔

اس موقع پر امیر جماعت اسلامی ضلع کشمور غلام مصطفیٰ میرانی نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ آسمان سے باتیں کرتی مہنگائی نے غریب کی کمر توڑ دی ہے۔ ایسے کٹھن حالات میں الخدمت فاؤنڈیشن کی جانب سے مفت راشن کی فراہمی دکھی انسانیت کی حقیقی خدمت اور نہایت قابلِ تحسین اقدام ہے۔

الخدمت فاؤنڈیشن کشمور کے صدر حافظ عمر فاروق چنہ نے کہا کہ ادارہ ہر آزمائش، چاہے وہ سیلاب ہو یا قدرتی آفات، متاثرہ خاندانوں کے شانہ بشانہ کھڑا رہا ہے۔ انہوں نے عزم ظاہر کیا کہ رمضان المبارک میں ضرورت مندوں کی مدد کا یہ سلسلہ ان شاء اللہ مستقبل میں بھی جاری رہے گا۔

پروگرام کے آخر میں الخدمت کے سیکرٹری ایڈووکیٹ عبیداللہ بلوچ نے مخیر حضرات اور ڈونرز کا شکریہ ادا کیا۔ تقریب میں شریک سیاسی و سماجی رہنماؤں نے الخدمت کی خدمات کو سراہتے ہوئے اسے معاشرے کے لیے امید کی کرن قرار دیا۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے