گھوٹکی (کیو این این ورلڈ/ نامہ نگار مشتاق علی لغاری) ڈپٹی کمشنر گھوٹکی منظور احمد کنرانی نے رمضان المبارک میں مصنوعی مہنگائی کے خاتمے کے لیے ضلع بھر میں اشیائے ضروریہ کی قیمتیں مقرر کر کے باضابطہ ریٹ لسٹ جاری کر دی ہے۔ انہوں نے اسسٹنٹ کمشنرز اور مختیارکاروں کو ہدایت کی ہے کہ وہ سرکاری نرخ نامے پر سختی سے عملدرآمد یقینی بنائیں۔

ڈپٹی کمشنر نے واضح کیا کہ منافع خوروں کے خلاف بھاری جرمانے اور کریک ڈاؤن سمیت سخت قانونی کارروائی کی جائے گی۔ بیورو آف سپلائز کے افسران کو روزانہ کی بنیاد پر دکانوں کا معائنہ کرنے اور ریٹ لسٹ کی موجودگی یقینی بنانے کا حکم دیا گیا ہے۔ سبزی اور فروٹ کی قیمتوں کے لیے منڈیوں کی مسلسل نگرانی کی جائے گی۔

جاری کردہ فہرست کے مطابق دال چنا 210 تا 220، دال مونگ 265 تا 400، بیسن 230 اور چاول کی مختلف اقسام 100 سے 320 روپے فی کلو مقرر کی گئی ہیں۔ بکرے کا گوشت 1850، بچھڑے کا گوشت 1100 اور مچھلی 400 سے 600 روپے فی کلو فروخت ہوگی۔ روٹی کی قیمت 15 جبکہ نان 20 روپے مقرر ہے۔

ڈپٹی کمشنر منظور احمد کنرانی نے عوام سے اپیل کی ہے کہ وہ خریداری کے وقت دکاندار سے مارکیٹ کمیٹی کی جاری کردہ تاریخ وار ریٹ لسٹ ضرور طلب کریں اور مقررہ نرخوں سے زائد ادائیگی نہ کریں۔ انہوں نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ کسی کو بھی عوام کی جیبوں پر ڈاکہ ڈالنے کی اجازت نہیں دی جائے گی۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے