گھوٹکی (کیو این این ورلڈ/نامہ نگار مشتاق علی لغاری) ایس ایس پی گھوٹکی محمد انور کھیتران کی ہدایت پر روپوش اور اشتہاری ملزمان کے خلاف جاری مہم کے دوران ڈہرکی پولیس نے ایک کامیاب کارروائی کرتے ہوئے بجلی کی تاریں اور ٹرانسفارمر کی کوائلیں چوری کرنے والے چار رکنی گروہ کو گرفتار کر لیا ہے۔ ایس ایچ او تھانہ ڈہرکی صفیع اللہ انصاری نے پولیس اسٹاف کے ہمراہ خفیہ اطلاع پر لنک روڈ کینجھو، منگریہ پمپ کے قریب کارروائی کی، جس کے نتیجے میں ملزمان محمد سلیم، محمد زبیر، فیاض اور انیس کو رنگے ہاتھوں گرفتار کیا گیا۔ پولیس کے مطابق ملزمان کے قبضے سے واپڈا کی چوری شدہ تاریں اور ٹرانسفارمر کی قیمتی کوائلیں برآمد ہوئی ہیں، جس کے بعد ملزمان کو برآمدہ سامان سمیت تھانے منتقل کر دیا گیا ہے

پولیس حکام کا کہنا ہے کہ گرفتار ملزمان کے خلاف تھانہ ڈہرکی میں کرائم نمبر 4/2026 کے تحت دفعہ 379 اور 411 ت پ کے تحت مقدمہ درج کر لیا گیا ہے اور ان سے مزید تفتیش کا عمل جاری ہے۔ گھوٹکی پولیس نے اس حوالے سے عوام کو بھی آگاہ کیا ہے کہ یہ گروہ مختلف علاقوں میں بجلی کے ٹرانسفارمرز اور تاروں کی چوری میں ملوث رہا ہے، لہٰذا شہری اپنے علاقوں میں ایسے مشکوک افراد پر کڑی نظر رکھیں اور فوری طور پر پولیس کو اطلاع دیں۔ ایس ایس پی محمد انور کھیتران نے پولیس ٹیم کی اس پیشہ ورانہ کارروائی کو سراہتے ہوئے واضح کیا ہے کہ ضلع بھر میں جرائم پیشہ عناصر، اشتہاریوں اور عوامی املاک کو نقصان پہنچانے والوں کے خلاف بلا امتیاز کریک ڈاؤن جاری رہے گا تاکہ شہریوں کے جان و مال اور سرکاری تنصیبات کا تحفظ یقینی بنایا جا سکے۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے