ضیاء الحق سرحدی PAJCCI خیبرپختونخوا کے کوآرڈینیٹر مقرر

پشاور (کیو این این ورلڈ)پاک افغان جائنٹ چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری (PAJCCI) اور سرحد چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری (SCCI) کے سابق سینئر نائب صدر ضیاء الحق سرحدی (ستارہ امتیاز) کو دوسری مرتبہ پاک افغان جائنٹ چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری خیبرپختونخوا کا کوآرڈینیٹر مقرر کر دیا گیا ہے۔

ضیاء الحق سرحدی کی یہ تقرری پی اے جے سی سی آئی کے چیئرمین محمد زبیر موتی والا کی جانب سے کی گئی ہے۔ وہ خیبرپختونخوا میں کوآرڈینیٹر کے طور پر ذمہ داریاں سنبھالیں گے۔ یہ فیصلہ پاک افغان باہمی تجارت کے فروغ اور دونوں ممالک کی بزنس کمیونٹی کو درپیش مسائل کے حل کے لیے ان کی بے لوث خدمات کی بنیاد پر کیا گیا ہے۔ ضیاء الحق سرحدی اس سے قبل چیمبر میں تین مرتبہ سینئر نائب صدر کے عہدے پر بھی فائز رہ چکے ہیں۔

اپنی تقرری پر ردعمل دیتے ہوئے ضیاء الحق سرحدی نے چیئرمین محمد زبیر موتی والا اور منتخب صدر جاوید بلوانی کا شکریہ ادا کیا۔ انہوں نے کہا کہ قيادت نے ان پر جس اعتماد کا اظہار کیا ہے، وہ اس پر پورا اترنے کی بھرپور کوشش کریں گے۔ انہوں نے چیئرمین محمد زبیر موتی والا کی متحرک قیادت کی تعریف کرتے ہوئے کہا کہ ان کی کاوشیں تمام تاجروں کے لیے باعثِ تحریک ہیں۔

انہوں نے پاکستان، افغانستان اور وسطی ایشیائی ریاستوں کے درمیان تجارتی تعلقات کو استوار کرنے کے لیے انتھک محنت کرنے کے عزم کا اعادہ کیا۔ ان کا کہنا تھا کہ موجودہ سخت معاشی چیلنجز کے تناظر میں تجارتی سرگرمیوں میں اضافہ وقت کی اہم ضرورت ہے اور اس سلسلے میں تمام متعلقہ دھڑوں کو اپنا موثر کردار ادا کرنا ہوگا۔

ضیاء الحق سرحدی نے دونوں ممالک کی حکومتوں سے مطالبہ کیا کہ باہمی تجارت کو درپیش مسائل اور رکاوٹوں پر سنجیدگی سے غور کیا جائے۔ انہوں نے زور دیا کہ تاجر برادری کو کاروبار میں آسانیاں فراہم کی جائیں، مسائل کو مذاکرات کے ذریعے حل کیا جائے اور سرحد کو جلد از جلد کھولا جائے تاکہ تجارتی راہداری بحال ہو سکے۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے