اوچ شریف (نامہ نگار حبیب خان) احمد پور شرقیہ کے علاقے محلہ قریش آباد کے رہائشی 32 سالہ نوجوان عدنان علی اعظم ریلوے ٹریک عبور کرتے ہوئے تیز رفتار ٹرین کی زد میں آکر موقع پر ہی جاں بحق ہوگیا۔
تفصیلات کے مطابق عدنان علی اعظم ولد حاجی اللہ بخش اوچ پھاٹک کے قریب ریلوے ٹریک عبور کر رہا تھا۔ عینی شاہدین کے مطابق نوجوان کے کانوں میں ہینڈ فری لگی ہوئی تھی جس کے باعث وہ فرید ایکسپریس ٹرین کی آمد کا اندازہ نہ کر سکا۔ فرید ایکسپریس ٹرین مقررہ وقت 11 بج کر 31 منٹ پر اوچ پھاٹک کے قریب پہنچی جہاں افسوسناک حادثہ پیش آیا۔
حادثے کے نتیجے میں نوجوان کے سر پر شدید ضرب لگی جس سے اس کا سر بری طرح کچلا گیا جبکہ بائیں ٹانگ کی ران کی ہڈی (فیمَر) بھی فریکچر ہو گئی۔ شدید نوعیت کی چوٹوں کے باعث عدنان علی اعظم موقع پر ہی دم توڑ گیا۔
اطلاع ملنے پر پولیس اور متعلقہ ادارے موقع پر پہنچ گئے، ضروری کارروائی مکمل کرنے کے بعد لاش کو ورثاء کے حوالے کر دیا گیا۔ مرحوم کی لاش اس کے بہنوئی رئیس محمد ارشد مصطفیٰ کے حوالے کی گئی۔
واقعے کے بعد علاقے میں سوگ کی فضا چھا گئی جبکہ شہریوں نے ریلوے ٹریک عبور کرتے وقت احتیاط نہ کرنے کے بڑھتے ہوئے واقعات پر تشویش کا اظہار کیا ہے اور عوام سے محتاط رہنے کی اپیل کی ہے۔