کراچی (کیو این این ورلڈ)پاکستانی ٹیلی ویژن کی معروف اداکارہ یشما گل کی دوستوں کے ہمراہ ڈانس کی ویڈیوز سوشل میڈیا پر وائرل ہو گئی ہیں، جن پر صارفین کی جانب سے ملا جلا ردِعمل سامنے آ رہا ہے۔ کچھ مداحوں نے اداکارہ کی خوش مزاجی اور توانائی کو سراہا، جبکہ متعدد صارفین نے ان کے ڈانس انداز پر تنقید بھی کی ہے۔

یشما گل کا شمار پاکستان کی مقبول اور باصلاحیت اداکاراؤں میں ہوتا ہے۔ وہ انسٹاگرام پر 1.6 ملین سے زائد فالوورز رکھتی ہیں اور ’’اب دیکھ خدا کیا کرتا ہے، کس دن میرا ویاہ ہو گا، صدقے تمہارے، بے باک، تیرے عشق کے نام، پھانس اور حق مہر‘‘ جیسے کامیاب ڈراموں میں اپنی اداکاری کے جوہر دکھا چکی ہیں۔ شوبز انڈسٹری میں انہیں ایک خوش مزاج اور زندہ دل شخصیت کے طور پر جانا جاتا ہے، جو اکثر دوستوں کی تقریبات اور نجی تقریبات میں شرکت کرتی نظر آتی ہیں۔

حال ہی میں یشما گل اپنی قریبی دوست گلالئی اور علی کی میوزیکل نائٹ میں شریک ہوئیں، جہاں انہوں نے زرمینے اور اداکارہ زویا ناصر سمیت دیگر دوستوں کے ہمراہ ڈانس پرفارمنس دی۔ تقریب کے موقع پر یشما گل نے گہرے سبز رنگ کا خوبصورت اور بھاری کام والا لہنگا زیب تن کیا، جبکہ ان کے بال آدھے کھلے ہوئے تھے، جس نے ان کے انداز کو مزید نمایاں کر دیا۔

تقریب کے دوران یشما گل اور زرمینے نے مقبول پاکستانی گانے ’’گال سن‘‘ پر ڈانس کیا، جبکہ یشما گل نے بھارتی گلوکار گرو رندھاوا کے گانے ’’سیرا‘‘ پر بھی پرفارمنس دی۔ ان کی یہ ویڈیوز دیکھتے ہی دیکھتے سوشل میڈیا پر تیزی سے وائرل ہو گئیں اور مختلف حلقوں میں بحث کا موضوع بن گئیں۔

سوشل میڈیا پر بعض صارفین نے سخت تنقیدی تبصرے کرتے ہوئے کہا کہ اداکارہ کو ڈانس نہیں آتا، جبکہ کچھ نے ان کے انداز کو نامناسب قرار دیا۔ ایک صارف نے لکھا کہ ’’انہیں نہ ڈانس آتا ہے اور نہ شرم‘‘، جبکہ ایک اور صارف نے طنزیہ انداز میں کہا کہ ’’پتا کرو یہ مخلوق کس چڑیا گھر سے بھاگی ہے‘‘۔ اسی طرح ایک اور تبصرے میں ڈانس مووز کو ’’مردانہ‘‘ قرار دیا گیا۔

دوسری جانب یشما گل کے کئی مداح ان کے دفاع میں بھی سامنے آئے اور کہا کہ اس طرح کی ویڈیوز کو محض تفریح کے طور پر دیکھا جانا چاہیے۔ مداحوں کا کہنا تھا کہ نجی تقریبات میں خوشی کے لمحات منانا ہر کسی کا حق ہے اور فنکاروں کو غیر ضروری تنقید کا نشانہ نہیں بنانا چاہیے۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے