اسلام آباد (کیو این این ورلڈ)پاکستان کی جانب سے ٹی 20 ورلڈ کپ میں شرکت کرنے یا نہ کرنے سے متعلق حتمی فیصلہ آج متوقع ہے، جس پر کرکٹ حلقوں کے ساتھ ساتھ شائقین کی نظریں بھی مرکوز ہیں۔ ذرائع کے مطابق چیئرمین پاکستان کرکٹ بورڈ محسن نقوی آج وزیراعظم شہباز شریف سے اہم ملاقات کریں گے، جس میں ٹی 20 ورلڈ کپ سے متعلق صورتحال، پاکستان کے مؤقف اور آئندہ کے لائحہ عمل پر تفصیلی گفتگو کی جائے گی۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ وزیراعظم شہباز شریف کی ہدایات کی روشنی میں ہی ورلڈ کپ میں شرکت یا عدم شرکت کا حتمی فیصلہ کیا جائے گا، جس پر پاکستان کرکٹ بورڈ مکمل طور پر عملدرآمد کرے گا۔ پی سی بی حکام کا مؤقف ہے کہ یہ معاملہ صرف کرکٹ نہیں بلکہ اصولی مؤقف اور عالمی سطح پر منصفانہ فیصلوں سے بھی جڑا ہوا ہے۔

قبل ازیں چیئرمین پی سی بی محسن نقوی نے قومی کرکٹرز سے گفتگو کرتے ہوئے کہا تھا کہ بنگلہ دیش کرکٹ بورڈ کا مؤقف اصولوں پر مبنی تھا اور پاکستان نے کرکٹ کے سنہری اصولوں کو سامنے رکھتے ہوئے بنگلہ دیش کی حمایت کی۔ ان کا کہنا تھا کہ پاکستان کے کھلاڑی باصلاحیت ہیں اور کسی بھی میدان میں کامیابی ٹیم ورک، اتحاد اور یکجہتی سے ہی حاصل کی جا سکتی ہے۔

محسن نقوی نے مزید کہا کہ سیاست زدہ کرکٹ کسی کے مفاد میں نہیں اور کھیل کو کھیل کے طور پر ہی رہنا چاہیے۔ انہوں نے واضح کیا کہ ٹی 20 ورلڈ کپ کے حوالے سے حکومتِ پاکستان جو بھی فیصلہ کرے گی، پاکستان کرکٹ بورڈ اس پر من و عن عمل کرے گا۔

واضح رہے کہ انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) نے حال ہی میں بنگلہ دیش کو ٹی 20 ورلڈ کپ سے باہر کرتے ہوئے اس کی جگہ اسکاٹ لینڈ کو ٹورنامنٹ میں شامل کرنے کا باضابطہ اعلان کیا ہے، جس کے بعد اس معاملے نے ایک نیا رخ اختیار کر لیا ہے اور مختلف کرکٹ بورڈز کی جانب سے تحفظات سامنے آئے ہیں۔

یاد رہے کہ ٹی 20 ورلڈ کپ کا آغاز 7 فروری سے ہونا ہے، جبکہ ایونٹ میں پاکستان کے میچز سری لنکا میں شیڈول کیے گئے ہیں۔ شائقین کرکٹ اس بات کے منتظر ہیں کہ آیا پاکستان اس عالمی ایونٹ میں شرکت کرے گا یا نہیں، جس کا جواب آج سامنے آنے کا امکان ہے۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے