اسلام آباد (کیو این این ورلڈ) وفاقی کابینہ نے 10 روپے کا بینک نوٹ ختم کرنے یا اسے برقرار رکھنے کے حوالے سے اہم فیصلہ کرنے کے لیے وزیرِ خزانہ کی سربراہی میں ایک خصوصی کمیٹی تشکیل دے دی ہے۔ کابینہ نے کمیٹی کو ٹاسک دیا ہے کہ وہ 10 روپے کے نوٹ کی تیاری پر آنے والی لاگت اور اس کی پائیداری کا تفصیلی جائزہ لے کر اپنی سفارشات پیش کرے۔ ذرائع کے مطابق اس غور و خوض کا بنیادی مقصد یہ معلوم کرنا ہے کہ آیا 10 روپے کے کاغذ کے نوٹ کے مقابلے میں اسی مالیت کا دھاتی سکہ بنانا زیادہ سود مند اور کفایتی ثابت ہو گا یا نہیں۔

کمیٹی کو ہدایت کی گئی ہے کہ وہ نوٹ کی پیداواری لاگت اور مارکیٹ میں اس کی گردش کی مدت کو مدنظر رکھتے ہوئے اپنی رپورٹ جلد از جلد مرتب کرے۔ واضح رہے کہ ماضی میں بھی چھوٹے نوٹوں کی جگہ سکے متعارف کروائے گئے تھے تاکہ طباعت کے اخراجات میں کمی لائی جا سکے۔ اب کابینہ کمیٹی کی جانب سے پیش کردہ سفارشات کی روشنی میں وفاقی کابینہ حتمی فیصلہ کرے گی کہ آیا 10 روپے کا بینک نوٹ مکمل طور پر ختم کر کے اسے سکے سے بدل دیا جائے گا یا موجودہ نظام ہی برقرار رکھا جائے گا۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے