لاڑکانہ (ویب ڈیسک) صدر مملکت آصف علی زرداری نے بھارت کو سخت وارننگ دیتے ہوئے کہا ہے کہ پاکستان اپنا دفاع کرنا اچھی طرح جانتا ہے، ہم بھارت کے مزید جہاز بھی گرا سکتے تھے لیکن ہم نے تھوڑا رحم اور لحاظ کیا، تاہم اگر کسی نے دوبارہ جنگ مسلط کرنے کی کوشش کی تو ہم اس کے لیے مکمل تیار ہیں۔ گڑھی خدا بخش میں سابق وزیراعظم شہید محترمہ بے نظیر بھٹو کی برسی کے موقع پر جلسہ عام سے خطاب کرتے ہوئے صدر زرداری نے کہا کہ "پاکستان کھپے” کا نعرہ بی بی شہید کا ہی تھا اور آج پاکستان کی طرف میلی آنکھ سے دیکھنے والا یاد رکھے کہ یہاں پیپلز پارٹی کے جیالے اور محب وطن قیادت موجود ہے۔ انہوں نے بھارتی وزیراعظم کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ مودی کو اب پتہ چل جانا چاہیے کہ ہم دفاعِ وطن کا ہنر جانتے ہیں، بھارت خود کو دنیا کی بڑی معیشت کہتا ہے مگر وہ چار دن بھی جنگ نہیں لڑ سکا، وہ ایسا دل گردہ کہاں سے لائے گا جو ہمارے فوجی سربراہ، صدر اور وزیراعظم کا ہے۔
صدر مملکت نے حالیہ کشیدگی کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ ہم نے ایک ایسا عسکری سربراہ بنایا جس نے بھارت کو منہ توڑ جواب دیا اور دشمن کو یہ پیغام دے دیا کہ جو بھی ہاتھ ہماری طرف بڑھے گا اسے توڑ دیا جائے گا۔ انہوں نے اپنے عزم کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ جب انہیں جنگ شروع ہونے کی اطلاع دی گئی اور بنکر میں جانے کا مشورہ دیا گیا تو انہوں نے میدان میں رہ کر مقابلہ کرنے کو ترجیح دی کیونکہ ہم موت سے ڈرنے والے نہیں ہیں۔ آصف علی زرداری نے مزید کہا کہ ہم لڑنا نہیں چاہتے لیکن کوئی ہماری طرف میلی آنکھ سے دیکھے گا تو ہمارا آرمی چیف انہیں ناکوں چنے چبوا دے گا۔ اپنے خطاب کے دوران انہوں نے سابقہ دورِ حکومت پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ ایک بیوقوف آدمی نے چار سال کے دوران دنیا بھر سے ہمارے سفارتی تعلقات خراب کیے، مگر اب ہم ملک کا دفاع اور خارجہ محاذ پر اپنی پوزیشن مضبوط بنانا جانتے ہیں۔